پمس کے گائنی وارڈ میں کولنگ سسٹم کئی دنوں سے خراب

Sep 08, 2018

اسلام آباد(نعمان اصغر)وفاقی دارالحکومت کے انتہائی مصروف پمس کے گائنی وارڈ میں لواحقین کے لئے لگایا جانے والا کولنگ سسٹم کئی دنوں سے خراب پڑا ہے کوئی پر سان حال نہیں ہے ،لواحقین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،شدید گرمی میں سارا دن لواحقین گرمی میں بیٹھے رہتے ہیں ۔اسلام آباد کے سرکاری ہسپتال پمز میں گائنی وارڈ میں لگایا جانے والا کولنگ سسٹم کئی دنوں سے خراب ہے جس سے لواحقین گرمی میں بیٹھنے پر مجبور ہیں ،پمز ہسپتال میں ہر وقت مریضوں کی آمدورفت کا سلسلہ جاری رہتا ہے اور دیگر پرائیویٹ ہسپتال کی نسبت یہاں عوام کا غیر معمولی رش رہتا ہے تاہم کولنگ سسٹم خراب ہونے کی وجہ آنے والے لواحقین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،لواحقین نے نمائندہ ’’نوائے وقت‘‘ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کئی بار کولنگ سسٹم کی خرابی کا ہسپتال انتظامیہ کو بتایا ہے لیکن انتظامیہ کسی کی بات سننے کو تیار نہیں ہے جس پر مجبوراً ہمیں اپنے مریض کی دیکھ بھال کے لئے گرمی میں ہی بیٹھنا پڑتا ہے ۔سرکاری ہسپتال ہونے کے ناطے عموماً متوسط طبقہ پمز ہسپتال کا رخ کرتے ہیں کیونکہ ہر کوئی پرائیویٹ ہسپتال کا خرچہ برداشت نہیں کر سکتا لیکن یہاں اگر ایک سہولت موجود ہے تو دوسری طرف کولنگ سسٹم کی خرابی کی وجہ سے لواحقین کا جینا محال ہو چکا ہے جس سے مریض کے ساتھ آئے لواحقین بھی مریض بن چکے ہیں ۔اس معاملہ پر لواحقین نے چیف جسٹس آف پاکستان، وزیراعظم اور وزیر صحت عامر کیانی سے اپیل کی ہے کہ اس مسئلہ کو فی الفور حل کیا جائے تاکہ گائنی وارڈ آنے والے مریض اور لواحقین اس ازیت سے بچ سکیں۔

مزیدخبریں