پاکستان نے قدم اٹھا لیا، اب بھارتی حکومت آگے بڑھے: نوجوت سدھو

نئی دہلی (صباح نیوز) سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ پاکستان نے قدم اٹھالیا، اب بھارتی حکومت آگے بڑھے ، پاکستانی اعلان نے انتہا پسندوں کے منہ پر ڈھکن لگا دیا۔بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے کرتار پور بارڈر کھولنے کے معاملے پر عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کرتارپور بارڈر کھولنا پاکستان اور بھارت کو قریب لاسکتا ہے، عمران خان نے حلف برداری کے بعد اتنی جلدی جو کہا وہ حقیقت کر دکھایا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے جذبہ خیرسگالی پر کسی کو سوال نہیں اٹھانا چاہیے، بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج سے درخواست کرتا ہوں کہ پاکستان ایک قدم چلا ہے تو بھارت بھی قدم اٹھائے۔ نوجوت سدھونے کہا کہ پاکستان سے متعلق بھارتی حکومت کی پالیسی میں کبھی مداخلت نہیں کی جب کہ مذہب کے معاملے پرسیاست کرنا ٹھیک نہیں ۔یاد رہے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ بھارت سے مذاکرات کیلئے پاک فوج کی مکمل حمایت حاصل ہے، لیکن ابھی تک نئی دہلی حکومت کی جانب سے مثبت جوابی اشارے نہیں ملے۔
نوجوت سدھو

ای پیپر دی نیشن