عمران خان کے جذبہ خیرسگالی پرکسی کوسوال نہیں اٹھانا چاہیے، نوجوت سدھو

نئی دہلی(آئی این پی)سابق بھارتی کرکٹر اور کانگریس رہنما نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا ہے کہ عمران خان کے جذبہ خیر سگالی پر کسی کو سوال نہیں اٹھانا چاہیے۔سابق بھارتی کرکٹراورکانگریس رہنما نوجوت سنگھ سدھونے ضلع نارووال میں واقع کرتارپورصاحب کا راستہ کھولنے پروزیراعظم پاکستان عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے جذبہ خیرسگالی پر کسی کو سوال نہیں اٹھانا چاہیے، بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج سے درخواست کرتا ہوں کہ پاکستان ایک قدم چلا ہے تو بھارت بھی قدم اٹھائے۔نوجوت سدھونے کہا کہ پاکستان سے متعلق بھارتی حکومت کی پالیسی میں کبھی مداخلت نہیں کی جب کہ مذہب کے معاملے پرسیاست کرنا ٹھیک نہیں۔اس سے قبل وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان جلد ہی بھارت سے آنے والے سکھ یاتریوں کے لیے کرتارپوربارڈر کھول دے گا جس کے بعد یاتری ویزے کے بغیرگرودوارہ دربار صاحب کے درشن کرسکیں گے۔واضح رہے کہ سابق کرکٹروزیراعظم پاکستان کی حلف برداری کی تقریب میں خصوصی دعوت پر پاکستان آئے تھے جہاں ان کی ملاقات پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر باجوہ سے ہوئی تھی۔

ای پیپر دی نیشن