مکرمی : جب بھارت نے افواج ِ پاکستان اور پاکستانی عوام کو رات کی تاریکی میں للکارتے ہوئے حملہ کیا تو اُسوقت وہ یہ بھول چُکے تھے کہ وہ کس قوم پہ حملہ کر بیٹھے ہیں وہ یہ بھول چُکے تھے کہ وہ کس قوم کو للکار بیٹھے ہیں وہ یہ بھول چُکے تھے کہ ہم ایک جیتی جاگتی قوم ہیں جو اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کے عادی ہیں ۔بھارتی جتنی تیزی سے آئے تھے انکے وہم وگمان میں بھی نہیں تھا کہ پاکستانی عوام اتنی تیزی سے مقابلے میں آجائے گیااور انھیں منہ کی کھانی پڑے گی پاکستانی عوام نے افواج ِ پاکستان کے ساتھ متحد ہو کر تاریخ کی وہ عظیم الشان مثال قائم کی جو تاریخ میں سُنہری حروف سے لکھی گئی ۔آج تک دنیا میں کسی بھی قوم کو خون بہائے بغیر آزادی نہیں ملی اور کوئی بھی بڑی تحریک قربانیوں کے بغیر کامیاب نہیں ہوتی۔ جس قوم میں اقبالؒ کے شاہین جیسے نوجوان اور قائد کی اُمیدوں کے پروانے جگمگارہے ہوںــ‘جس مٹی میں شہیدوں کا خون شامل ہو اور جو قوم غازیوں کی قربانی‘ عزم اور دلیری کی عکاس ہوںبھلا اس قوم کو کون سپردِخاک کر سکتا ہے۔خیر اور شر کی جنگ ازل سے جاری ہے اور یہ جنگ تب تک پایہء تکمیل تک نہیں پہنچتی جب تک خیر غالب نہیں آجاتا۔کامیاب اور سمجھ دار قومیں اپنے خون کو ضائع نہیں جانے دیتیںبلکہ اُسکی بقاء کی ضامن بنتی ہیں۔اپنی تلواروں کو دشمن کے خون سے آلودہ کر کہ دنیا کو بتاتی ہیںکہ آج بھی ہماری فوج میں ایسے نوجوان ہیں جو قوم پہ مر مٹنے کو تیار ہیں ۔قومیں قربانیاں مانگتی ہیں تن ‘من‘دھن کی قربانی ‘ ماوئں کے لختِ جگر کی قربانی‘باپ سے اُسکے بڑھاپے کی قربانی‘ بیویوں سے اُسکے سُہاگ کی قربانی‘بہنوں سے اُسکے بھائیوں کی قربانی‘قربانی کے نام پر تاریخ رقم کرنا تو یقینا دلچسپ ہوتا ہے لیکن جو کچھ اُن لوگوں کو بھگتنا پڑتا ہے وہ ہمیشہ کے لیئے ایک اذیت ناک باب بن کر رہ جاتا ہے۔( کلثوم علی حسن ابدال)
جنھوں نے اپنا آج ہمارے کل کیلئے قربان کیا
Sep 08, 2018