لندن (اے پی پی) معروف امریکی جریدے فوربز نے دنیا بھر کی امیر ترین خواتین کی ایک فہرست شائع کی ہے جس میں مختلف ممالک کی معروف بین الاقوامی کاروباری اداروں سے تعلق رکھنے والی خواتین کو شامل کیا گیا ہے۔ میگزین کی فہرست کے مطابق پہلے نمبر پر فرانسیسی کاسمیٹکس کمپنی لوریل کی چیئرمین فرانسواز بیٹنکورٹ مائیرز ہیں جن کے اثاثوں کی مالیت 49.3 ارب ڈالر اور وہ دنیا کی 15ویں امیر ترین انسان ہیں، وہ اپنے خاندان سمیت اس کمپنی کی ایک تہائی مالکن ہیں۔ فہرست میں دوسرا نام معروف امریکی کمپنی وال مارٹ کے بانی سیم والٹن کی بیٹی ایلس والٹن کا ہے جو 44.4 ارب ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ دنیا کی 17ویں امیر ترین انسان ہیں۔ تیسرے نمبر پر امریکی ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی ایمزون کے بانی جیف بینروس کی سابقہ اہلیہ 48 سالہ مکینزی بیزوس ہیں جن کے اثاثوں کی مالیت 35.6 ارب امریکی ڈالر ہے جو کہ صرف ان کا ایمزون کا حصہ ہے اور کْل مالیت شاید اس سے بھی زیادہ ہو، ان کو یہ رقم اپنے شوہر سے علیحدگی مکینزی شرائط کے تحت ملی۔ دنیا کی تیسری امیر ترین خاتون اور 24 ویں امیر ترین انسان ہیں۔ عالمی سطح پر امیر ترین خوتین میں چوتھا نام امریکی چاکلیٹ کمپنی مارز کی ایک تہائی کی مالکن 79 سالہ جیکلین مارز کا ہے جن کے اثاثوں کی مالیت 23.9 ارب امریکی ڈالر ہے، ان اثاثوں کے ساتھ یہ دنیا کی 33 ویں امیر ترین انسان ہیں۔ پانچویں امیر ترین خاتون چینی ریئل سٹیٹ کمپنی کنٹری گارڈن ہولڈنگز کے اکثریتی حصص کی مالکن 27 سالہ یان ھوان ہیں جن کے اثاثوں کی مالیت 22.1 ارب ڈالر ہے، وہ چین کی سب سے امیر ترین خاتون اور دنیا کی 42 ویں امیر ترین انسان ہیں۔ مجموعی طور پر چھٹی اور دوسری یورپین خاتون سوزین کلیٹن کے اثاثوں کی مالیت 21 ارب امریکی ڈالر ہے جس سے یہ دنیا کی 46 ویں امیر ترین انسان ہیں۔ جرمنی سے تعلق رکھنے والی 56 سالہ سوزین کی دولت کے اس حجم کے پیچھے دواسازی اور گاڑیوں کی کمپنیاں ہیں۔ ساتویں امیر ترین خاتون ایپل کے بانی سٹیو جوبز کی بیوہ 55 سالہ لورین پاول جوبز ہیں جن کے اثاثوں کی مالیت 18.6 ارب ڈالر ہے۔