ماضی میں ون میں شو تھا، ہم باتیں کم کام زیادہ کرتے ہیں: عثمان بزدار

Sep 08, 2019

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار سے رحیم یار خان میں پولیس تشدد سے جاں بحق صلاح الدین کے والد محمد افضال، دیگر اہل خانہ اور وکلاء نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے غمزدہ والد محمد افضال سے بیٹے کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا اورصلاح الدین کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آپ کے بیٹے کی پولیس تشدد سے ہلاکت کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور ایسا واقعہ مستقبل میں کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے نئے ایس او پیز بنائے جائیں گے اور رولز اور قوانین میں ضروری تبدیلیاں کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پراسیکیوشن کے ہر مرحلے میں آپ سے پورا تعاون کریں گے کیونکہ آپ کو انصاف دلانا میری ذمہ داری ہے۔ میں اور پنجاب حکومت آپ کے ساتھ کھڑے ہیںاور حکومت آپ کی ہرممکن مدد کرے گی اورآپ کے خاندان کا پورا خیال رکھا جائے گا۔ یہ آپ کا کیس نہیں بلکہ ہمارا کیس ہے اور اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ آپ کو انصاف دیں گے اور انصاف ہوتا ہوا بھی نظر آئے گا۔ قصور وار کو اس کے کئے کی کڑی سزا ملے گی۔ وزیراعلیٰ نے صلاح الدین کے والد اور دیگر اہل خانہ کے مطالبے پر کیس کی انکوائری ڈی آئی جی کے عہدے کے افسر سے کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انکوائری رپورٹ کے بعد انسداد دہشت گردی کی دفعات لگانے کا فیصلہ کیا جائے گا، جبکہ دوبارہ پوسٹ مارٹم کرانے کے حوالے سے حکومت آپ سے تعاون کرے گی۔ مزید شواہد سامنے آنے پر عدالتی انکوائری کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ آپ کی بیٹے کی موت کا جو بھی ذمہ دار ہے، وہ سزا سے نہیں بچ پائے گا۔ عثمان بزدار سے صوبائی وزیر قانون وپارلیمانی امور محمد بشارت راجہ نے ملاقات کی اور ایک سالہ کارکردگی کی رپورٹ پیش کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے محکمہ قانو ن و پارلیمانی امورکی شاندار کارکردگی پر محمد بشارت راجہ اور ان کی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے ایک سال میں وہ کام کئے ہیں جو سابق حکومتیں کئی کئی سال نہیں کر سکیں۔ پنجاب اسمبلی نے پہلے سال ریکارڈ قانون سازی کی۔ صوبے کو ایک ٹیم کے طور پر چلا رہے ہیں جبکہ ماضی میں ون مین شو تھا اور کسی سے مشاورت کئے بغیر فیصلے کئے جاتے تھے۔ سابق دور میں کابینہ کو یکسر نظر انداز کیا گیا۔ تحریک انصاف کی حکومت مشاورت کے ساتھ فیصلے کر رہی ہے۔ باتیں کم اور کام زیادہ کرتے ہیں۔ عثمان بزدار نے نیوی ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 8ستمبر 1965 کو پاک بحریہ نے دشمن پر اپنی صلاحیتوں اور بہادری کی دھاک بٹھائی۔ پاک بحریہ نے جرأت اور بہادری کی مثال قائم کرتے ہوئے بھارتی نیوی کے مذموم عزائم کو ناکام بنا یا اور شجاعت کی نئی تاریخ رقم کی۔ عثمان بزدار نے عالمی یوم خواندگی کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ خواندگی انسان کے شعور و آگاہی کو جلا بخشتی ہے۔ پنجاب میں سوفیصد شرح خواندگی ہمارا عزم ہے اور اس ہدف کو ہر قیمت پر پورا کریں گے۔ نئی نسل کا مستقبل محفوظ بنانے پر تعلیم پر زیادہ سرمایہ کاری کر رہے ہیں اور اس ضمن میں موثر حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے نئی تعلیمی پالیسی ’’دی نیو ڈیل 2018-23 ‘‘ پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے جس کے تحت پرائمری لیول تک قومی زبان اردومیں تعلیم دی جائے گی۔

مزیدخبریں