پاک بحریہ آج یوم بحریہ منارہی ہے

Sep 08, 2019 | 10:45

ویب ڈیسک

پاک بحریہ 1965کی جنگ کے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے آج یوم بحریہ منارہی ہے۔پاک بحریہ نے اس سلسلے میں اپنی دستاویزی فلم کا پرومو جاری کیا ہے۔پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق ضرب آب کے عنوان سے یہ دستاویزی فلم آج ریلیز کی جائیگی۔

بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفرمحمود عباسی نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج بحری محاذ پر قزاقی، انسانوں، ہتھیاروں اور منشیات کی اسمگلنگ اور سمندری دہشتگردی سمیت دوسرے کئی چیلنجوں کا سامنا ہے۔بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ بین الاقوامی سمندری حدود کا تحفظ اور سلامتی یقینی بنانے کی مشترکہ کوششوں یا آزادنہ اقدامات کیلئے پاک بحریہ ہمیشہ ہر اول دستہ پررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گوادر بندرگاہ کی ترقی اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تکمیل سے پوشیدہ سمندری وسائل کو بروئے کار لانے میں مدد ملے گی جس سے ہمیں بڑے اقتصادی ثمرات حاصل ہونگے۔تنازعہ کشمیر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کے الحاق کے یکطرفہ اور غیر قانونی بھارتی فیصلے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام پر فسطائی حکومت کی جانب سے عائد سخت پابندیوں کے پورے خطے اور بالعموم عالمی سلامتی پر سنگین اثرات مرتب ہونگے۔
 

مزیدخبریں