اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) پاکستان میں کرونا کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے۔ ملک میں 2 لاکھ 99 ہزار 39 کیسز میں سے 2 لاکھ 86 ہزار 16 صحتیاب ہوگئے ہیں جو تقریباً 96 فیصد ہے جبکہ 6 ہزار 347 کا انتقال ہوا ہے۔ 7 ستمبر تک ملک بھر میں 360 نئے کیسز اور 4 اموات کی تصدیق ہوئی جس میں 97 کیسز خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے تھے جبکہ انتقال کرنے والے 4 میں سے ایک فرد کا تعلق بھی بلوچستان سے تھا۔ سندھ میں مزید 136 نئے کیسز اور 2 اموات کی تصدیق۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق مجموعی کیسزایک لاکھ 30 ہزار 807، مجموعی اموات 2 ہزار 425 تک پہنچ گئیں۔ پنجاب میں کرونا وائرس مزید 60 افراد متاثر، کوئی نئی موت نہیں ہوئی، مجموعی کیسز 97 ہزار 226 تک پہنچ گئی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مزید 16 کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔ کیسز 15 ہزار 750، مجموعی اموات 176 ہوگئیں۔ گلگت میں مزید 29 افراد میں وائرس کی تشخیص، مجموعی کیسز 3 ہزار 8 تک پہنچ گئے۔ آزاد کشمیر میں مزید 4 افراد کرونا وائرس کا شکار۔ مجموعی کیس 2 ہزار 331 تک پہنچ گئے۔ پاکستان میں کرونا سے صحتیاب ہونے والوں کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ 24 گھنٹوں میں مزید 118 مریض شفایاب ہوگئے،مجموعی تعداد 2 لاکھ 86 ہزار 16 ہوگئی جو مجموعی کیسز کا تقریباً 96 فیصد ،فعال کیسز 6676رہ گئے۔ علاوہ ازیں بھارت میں کرونا کے روزانہ ریکارڈ 90 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہورہے ہیں جس سے مجموعی کیسز کی تعداد 42 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ بھارتی وزارت صحت کے مطابق ملک میں دوسرے روز مسلسل 90 ہزار سے زائد کرونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو دنیا بھر میں ایک روز میں رپورٹ ہونے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھارت میں کرونا سے 1016 افراد ہلاک ہوئے۔ بھارت میں 71 ہزار 600 سے زائد افراد اب تک کرونا سے ہلاک بھی ہوئے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کاکہنا ہے کہ بھارت میں مسلسل ہر گزرتے دن کے ساتھ کرونا کے ریکارڈ کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔ بھارتی میڈیا کا بتانا ہے ملک میں کرونا کیسز میں ریکارڈ اضافہ ملک بھر میں میٹرو سروس کی بحالی کے بعد دیکھنے میں آیا ہے ۔ بھارتی غیر قانونی قبضے والے کشمیر میں مزید 14افراد کرونا وائرس سے فوت ہوگئے۔ کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 804ہوگئی ہے۔ ان میں سے 98بھارتی قبضے والے کشمیر کے 706 متاثرین شامل ہیں۔ گزشتہ روز ایک دن میں ریکارڈ 1079افراد کی رپورٹیں مثبت آ ئی ہیں۔ بھارت کرونا وائرس سے متاثرہ دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ملک بن گیا ہے۔ اب تک امریکا کے بعد دوسرا سب سے بڑا ملک برازیل تھا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد وشمار میں بتایا گیا کہ اس وقت بھارت میں کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 42 لاکھ پانچ ہزار کے قریب ہے جبکہ وہاں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 71 ہزار چھ سو سے بڑھ چکی ہے۔ سب سے زیادہ متاثرہ ملک بدستور امریکا ہے جہاں اس مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 62 لاکھ پانچ ہزار جبکہ ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ 89 ہزار کے قریب ہے۔ دنیا میں ہلاکتوں کی تعداد آٹھ لاکھ 83 ہزار سے زائد ہے۔ ملک بھر میںگزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دور ان کرونا کے تین افراد چل بسے، 394نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
کرونا: مزید 4 اموات، فعال کیس 6347، بھارت، دوسرے دن بھی 90 ہزار مریض
Sep 08, 2020