مسلح افواج دشمن کو عبرتناک شکست دینے کی اہلیت رکھتی ہے: ایئرچیف مارشل

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) ملک بھر میں پاک فضائیہ نے اپنے تمام ائیر بیسز اور تنصیبات پر 7 ستمبر یوم شہداء کے طور پر منایا۔ دن کا آغاز 1965ء اور 1971ء کی جنگوں کے شہداء اور ان تمام افراد کے لئے خصوصی دعاؤں اور قرآن خوانی سے کیا گیا۔ اسی سلسلے  کی مرکزی تقریب  ائیر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ہوئی۔ سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان  اس تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ اس  یادگار اور تاریخی دن کے موقع پر میں پاک فضائیہ کے ان تمام ہیروزکو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جو دشمن کی جارحیت کے خلاف سیسہ پلائی  ہوئی دیوار بن گئے اور اس کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم اپنے شہداء اور غازیوں کے عزم، ہمت اور جذبہ قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں اور اس عہد کی تَجدید کرتے ہیں کہ ہم اپنے پاک وطن پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاشبہ، پاکستان کی بہادرمسلح  افواج اپنی سرحدوں اور عوام کی حفاظت کرنا خوب جانتی ہیں اور دشمن کو عبرت ناک شکست سے دو چار کرنے کی بھر پور اہلیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ  وطن کا دفاع، اس کی مضبوطی وسَربلندی اور اسکی تعمیر وتَرقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے تاکہ ہمارا پاکستان ہر محاذ پر مزید کامیاب ہو۔کشمیر کی موجودہ صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم اْن کشمیری بھائیوں اور بہنوں سے بھی اظہار ِیکجہتی کرتے ہیں جو سات دہائیوں سے ظلم اور تَسلط کے خلاف جِدّوجْہد کر رہے ہیں۔ قبل ازیں ائیرچیف نے شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ پاک فضائیہ کے ایک دستے نے ائیر وائس مارشل غلام عباس گھمن، ائیر آفیسر کمانڈنگ،سدرن ائیر کمانڈ کی سر کردگی میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کی جانب سے پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید (نشانِ حیدر) کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ بعدازاں ملک بھر میں پاک فضائیہ کے شہداء کی قبروں پر بھی پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔

ای پیپر دی نیشن