کراچی(اے پی پی) پانچ سالہا ننھی مروہ کے اغوا کے بعد زیادتی و قتل کے معاملے پر سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنمائوں کے ہمراہ انکے گھر پہنچے،والدین سے تعزیت کی اور انہیں انصاف کی فراہمی تک ساتھ کھڑے رہنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔ اس موقع پر اراکین سندھ اسمبلی جمال صدیقی، ڈاکٹر عمران علی شاہ، راجہ اظہر، عدیل احمد، کریم بخش گبول، ڈاکٹر سیما ضیاء اور دیگر بھی انکے ہمراہ تھے۔ فردوس شمیم نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب سے مروہ کی زیادتی بعد قتل کی خبر ملی تب سے دل افسردہ ہے۔یہ گہنونا جرم ہے جسکی معافی نہیں ہے۔زینب کے واقعے کے بعد یہ واقعہ کیونکر رونما ہوا۔زینب الرٹ بل کہتا ہے کہ 24 گھنٹے میں ایف آئی آردرج کی جائے۔بچی کے لاپتہ ہونے کے بعد بھی ہفتے کو ایف آئی آر درج کی گئی۔ اس طرح کے واقعات پر کنٹرول پانے کے لئے قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرنا ہوگا۔ فردوس شمیم نقوی کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے بہترین تفتیشی افسر کو یہ کیس دیا جائے۔ وزیر اعلی سندھ سے گزارش ہے کہ مروہ کے والدین کو انصاف دلوائیں۔میں ہاتھ جوڑ کر گزارش کر ہوں کہ بچیوں کو تحفظ دیا جائے اور انہیں محفوظ ماحول فراہم کیا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت نوٹسز لینے کے بجائے عملی اقدامات اٹھائے۔ ہمارا سندھ حکومت سے مطالبہ ہے کہ اس گنہونے کام میں ملوث عناصر کو سخت سے سخت سزا دی جائے اور نشان عبرت بنایا جائے۔