اکیسویں صدی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی صدی ہے: مجیب الدین صحرائی میمن

Sep 08, 2020

کراچی (نیوزرپورٹر)سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر مجیب الدین صحرائی میمن کاکہنا ہے کہ اکیسویں صدی انفارمیشن ٹیکنالوجی کا دور ہے، وقت کے ساتھ ساتھ اسکی اہمیت میں مسلسل جدت اور اضافہ ہورہا ہے، فیکلٹی اراکین اپنے شعبے میںمہارت اور تحقیق پر مبنی کام پر توجہ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز جامعہ کے تالپور ہاوس میں شعبہ کمپیوٹر سائنس کی فیکلٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ فیکلٹی ممبرزاپنے رسرچ ورک میں کونٹیٹی کے مقابلے میں کوالٹی پر زیادہ زور دیں، شعبہ میں بین الاقوامی کانفرنسز، شارٹ کورسز، سیمینارز اور ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے۔ فیکلٹی ممبران تحقیق اور جدت پر توجہ مرکوز کریں اوراس ضمن میں مقامی اور بین الاقوامی اداروں سے معاونت حاصل کریں۔ڈاکٹر مجیب الدین صحرائی نے مزید کہا کہ شعبوں کو پروان چڑھانے کیلئے ضروری ہے کہ تمام شعبہ جات قومی اور بین الاقوامی تعاون سے مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کریں اور نتیجہ خیز مواقع اور مقصد کے حصول کیلئے سالانہ منصوبہ بندی کی جائے۔بعد ازاں شیخ الجامعہ نے ڈین فیکلٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر سید آصف علی اور شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر محمد ملوک رند کے ہمراہ کمپیوٹر سائنس ڈپارٹمنٹ کا دورہ کیا۔ جہاں انہیں فیکلٹی سے متعارف کرایا گیا اور مستقبل کے پلان کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔

مزیدخبریں