پی ایس 28ضلع وسطی میں نواز لیگ کی یوم دفاع پاکستان پر تقریب

کراچی (نیوزرپورٹر)پاکستان مسلم لیگ ن ضلع وسطی PS-128 کے زیر اہتمام یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں ایک تقریب ناظم آباد چورنگی پر منعقد کی گئی۔ تقریب میں شہدائے وطن کی عظیم قربانیوں کی یاد میں چراغ روشن کر کے انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان مسلم لیگ ن سندھ کے سینئر نائب صدر علی اکبر گجر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم اپنے شہدا کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے جن کی قربانی کی بدولت آج ہم آزاد وطن میں آزادی کے ساتھ زندگی بسر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو قومیں اپنے محسنوں اور شہدا کو بھول جاتی ہیں تاریخ ان قوموں کو کبھی معاف نہیں کرتی۔علی اکبر گجر نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ قائم رہنے کے لئے بنا ہے اور یہ وطن انشااللہ ہمیشہ قائم و دائم رہے گا اگر دشمن نے وطن عزیز پر میلی نگاہ ڈالی تو پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ دفاع وطن کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ تقریب سے پاکستان مسلم لیگ ن کراچی ڈویژن کے جنرل سکریٹری ناصر الدین محمود نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ ہماری بہادر افواج اور پوری قوم،دشمن کی اندرونی اور بیرونی ہر طرح کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت متحد اور تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے وطن نے آزادی وطن و دفاع وطن کے جس عظیم جذبہ کے تحت اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے پوری قوم اسے ہر گز رائیگاں نہیں جانے دے گی ، یہ سبز ہلالی پرچم یوں ہی آزاد فضاں میں لہراتا رہے گا۔ ناصر الدین محمود نے کہا کہ آج کے دن ہم اپنے شہدا کے مقدس لہو سے عہد کرتے ہیں کہ اپنے وطن پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے بعد اب اسے عظیم سے عظیم تر بنائیں گے۔ مسلم لیگی رہنما محسن جاوید نے کہا کہ اس ملک کے دفاع کے لیے ہماری افواج اور پوری قوم نے بیپناہ قربانیاں پیش کی ہیں اور قوم آئندہ بھی ہمیشہ دفاع وطن کیلئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند اپنی افواج کے ساتھ ہیں۔ ضلع وسطی کے جنرل سکریٹری نوشاد اختر نے وہاں موجود نوجوانوں، کارکنوں اور عہدیداروں کے جذبے کی تعریف کی اور کہا کہ ہم زندہ قوم ہیں اور اپنے وطن کی حفاظت کے لیے اپنی افواج کے ساتھ ہیں۔ اس موقع پر تقریب کے روحِ رواں اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما ظاہر شاہ دہلوی نے کہا کہ آج کے اس پروگرام کے انعقاد کا مقصد ایک جانب شہدائے وطن کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا تو دوسری جانب اپنی نوجوان نسل کو دفاع وطن کی خاطر اپنی جانوں کی قربانی پیش کرنے والے عظیم سپوتوں کے کارناموں سے آگاہ رکھنا بھی تھا۔ اس موقع پر PS-128 کے صدر محمد عارف حسین اور جنرل سکریٹری محمد احسن نے اس پر جوش اور پر وقار تقریب میں شریک ہونے والے تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں بڑی تعداد میں کارکنان نے شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن