شوہروں سے جھگڑے‘ ماموں کانجن ‘ ساہیوال‘ رحیم یار خان میں 3 خواتین کی  خود کشی 

رحیم یار خان‘ ساہیوال، ماموں کانجن (کرائم رپورٹر+نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) ماموں کانجن میں20سالہ شادی شدہ لڑکی نے کالا پتھر نگل کر خودکشی کرلی۔ نواحی گاؤں 494گ ب میں شفقت کی 20سالہ لڑکی افشاں نے گھریلو لڑائی جھگڑے پر کالا پتھر نگل کر خود کشی کر لی جس کی شادی ایک ماہ قبل ہی ہوئی تھی۔ ساہیوال میں یہاں نئی آبادی میں مہمان آئی ہوئی نوجوان 18سالہ شادی شدہ لڑکی ذلیخاں نے خاوند سے جھگڑ کر زہر پی لیا اور دم توڑ گئی۔ عارف والا کے عبدالمجید کی بیوی ذلیخاں خاوند سے روٹھ کر آئی تھی اور جب والدین نے خاوند کے ہمراہ جانے کے لئے زور دیا تو زہر پی لیا۔ جسے بے ہوشی کی حالت میں سول ہسپتال ساہیوال لایا گیا جہاں ایمر جنسی میں دم توڑ دیا۔ دریں اثناء رحیم یار خان میں گھریلو ناچاقی کے باعث ہونیوالے جھگڑوں سے دلبرداشتہ 20 سالہ خاتون اور 60 سالہ نامعلوم شخص نے زہر پی کر خود کشی کرلی ۔ گزشتہ روز ترنڈہ میر خان کی رہائشی 20 سالہ فوزیہ بی بی اور خانپور میں 60 سالہ نامعلوم شخص کو اقدام خود کشی کرنے پرتشویشناک حالت میں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر موجود ذرائع نے بتایا کہ 20 سالہ فوزیہ نے گھریلو ناچاقی کے باعث ہونیوالے جھگڑوں اور 60 سالہ نامعلوم شخص نے زہر پی لیا ۔ دونوں طبی امداد کے باوجود جانبر نہ ہوپائے۔

ای پیپر دی نیشن