لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس محمد قاسم خان نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کے لئے بیرونی و اندرونی سرمایہ کاری بہت ضروری ہوتی ہے۔ سرمایہ کاری اور سرمایہ کاروں کے مفادات کا تحفظ ہر ملک کی اولین ترجیح ہوتا ہے۔ کاروباری طبقے کیلئے آسان کاروباری اصلاحات سے ملک کو فائدہ ہوتا ہے۔ پنجاب میں لاہور کو کاروبار کے حوالے سے خاص اہمیت حاصل ہے۔ پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں کمرشل کورٹس و اوورسیز کورٹس ججز کیلئے چھ روزہ ٹریننگ ورکشاپ سے خطاب کر رہے تھے۔ جسٹس محمد قاسم خان نے کہا کہ کاروباری طبقے کے اعتماد کیلئے سیاسی استحکام، سماجی رواداری اور انصاف پر مبنی معاشرہ ضروری ہوتا ہے۔ بطور چیف جسٹس عہدہ سنبھالا تو کاروباری طبقے کی مشکلات کا علم تھا اور اس کے لئے بہت سارے اقدامات کرنا چاہتے تھے مگر کووڈ 19 وباء کی وجہ سے وقت پر کمرشل عدالتوں کے قیام کیلئے زیادہ اقدامات نہ کئے جاسکے تاہم جیسے ہی کرونا وباء پر قابو پایا گیا ہم بے سب سے پہلے اپنے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اقدامات کئے۔ اگرچہ کراچی ہماری تجارت کا مرکز ہے لیکن پنجاب کے پانچ اضلاع میں پہلی ماڈل کمرشل کورٹ کے قیام سے پنجاب کو سبقت حاصل ہوئی۔ پاکستان میں سرمایہ کاری وقت کا اہم تقاضا ہے۔ ہمیں مل کر آگے بڑھنا ہے اور پہلے سے بنے قوانین کے نفاذ کو یقینی بنانا ہے۔ پاکستان میں کاروباری طبقے کیلئے بہت زیادہ مواقع موجود ہیں۔ اوورسیز پاکستانیوں کے مقدمات کو بھی جلد نمٹانے کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ جو ججز اوورسیز پاکستانیز کے مقدمات سن رہے ہیں وہ ان کے غیر ضروری التواء سے پرہیز کریں۔ تمام ادارے تارکین وطن کو درپیش مسائل کے حل کیلئے خصوصی اقدامات کریں۔
کاروباری طبقہ کے اعتماد کیلئے سیاسی استحکام ، رواداری، انصاف پر مبنی معاشرہ ضروری: چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ
Sep 08, 2020