مشرقِ وسطیٰ میں کرونا تیزی سے  پھیل رہا ،9 کروڑ 50 لاکھ ڈالرفنڈزدرکار ہیں،اقوام متحدہ

Sep 08, 2020

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) اقوامِ متحدہ نے مشرقِ وسطیٰ میں فلسطینی مہاجرین کے کیمپوں میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیشِ نظر 9 کروڑ 50 لاکھ ڈالرکی اپیل کی ہے۔ادارے کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں قائم مختلف مہاجر کیمپوں میںکیمپوں میں سماجی فاصلے برقرار رکھنا بہت مشکل ہے اور لوگوں کو صحت اور صفائی کی مناسب سہولیات بھی میسر نہیں جس کی وجہ سے کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اقوامِ متحدہ کی ریلیف اور ورکس ایجنسی کے مطابق حال ہی میں ان کیمپوں میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ڈرامائی طور پر دو سو سے بڑھ کر چار ہزار تک جا پہنچی ہے۔ایجنسی کی ترجمان تمارا الریفال کاکہنا ہے کہ ان کے ادارے کی جانب سے حالیہ مہینوں میں ان پناہ گزین کیمپوں میں وائرس کا پھیلاؤ روکنے کی کوششیں کامیاب رہی ہیں  تاہم اب صورتِ حال بدل رہی ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے لوگ کام کاج کے لیے باہر نہیں نکل سکے اور سماجی فاصلوں پر مناسب عمل درآمد نہ ہونے سے کیسز میں اضافہ ہوا۔اْنہوں نے کہا کہ فنڈز کی فوری دستیابی صورتِ حال کو مزید بگڑنے سے بچانے اور پناہ گزین کیمپوں میں وسائل فراہم کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔

مزیدخبریں