مہمند : کان پر تودہ گرنے سے 14مزدور جاں بحق ، 5زخمی

Sep 08, 2020

مہمند (نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے قبائلی ضلع مہمند کی تحصیل صحافی میں ماربل کے پہاڑ سے تودہ گرنے سے 14 افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہو گئے۔ ریسکیو 1122 کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی ) نے کہا ہے کہ کان میں تودہ گرنے کا واقعہ مہمند کی تحصیل صافی میں پیش آیا اور ملبے سے اب تک 14 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تودہ گرنے سے پانچ افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں غلنئی  ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں جنہیں نکالنے کیلئے ریسکیو 1122 مہمند ٹیم کا آپریشن جاری ہے۔ ڈی جی نے کہا کہ ریسکیو 1122 پشاور اور چار سدہ سے اضافی اہلکار ضلع مہمند روانہ کر دیئے گئے ہیں جبکہ سرچ  اینڈ ریسکیو آلات کے ساتھ بھاری مشینری اور ایمبولینسز آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔ واضح رہے کہ خیبر پی کے میں کان کنی اور پہاڑوں سے معدنیات کے ذخائر نکالنے کے دوران اکثر حادثات پیش آتے ہیں۔

مزیدخبریں