لا ہور(اپنے نامہ نگار سے)احتساب عدالت نے مسلم لیگ( ن) کے رہنمائوں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کیخلاف پیراگون ہائو سنگ سوسائٹی ریفرنس کیس کی مزید سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کردی.عدالت نے نیب کے گواہ پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے نیب کو آئندہ سماعت پر گواہان کی پیشی یقینی بنانے کا حکم دیدیا. احتساب عدالت کے جج چودھری نذیر احمد نے کیس کی سماعت کی، منگل کو عدالت کے روبرو خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری مکمل کروائی،دوران سماعت وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ طبیعت ناساز ہونے کی بنا پر بیان ریکارڈ نہ کروا سکے جبکہ عدالتی حکم پر ایم ایس سروسز ہسپتال نے قیصر امین بٹ کی میڈیکل رپورٹ بھی پیش کی،پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی ریفرنس کیس میں اب تک 7 گواہان اپنے بیانات قلمبند کروا چکے ہیں، خواجہ برادران کے خلاف مجموعی طور پر 130 گواہان بیان قلمبند کروائیں گے.نیب کے استغاثہ کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے اپنی اہلیہ، بھائی سلمان رفیق، ندیم ضیاء اور قیصر امین بٹ سے مل کر ایئر ایونیو سوسائٹی بنائی جس کا نام بعد میں تبدیل کرکے پیراگون رکھ دیا گیا. نیب کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی ہائو سنگ سوسائٹی کی تشہیر کی اور ساتھیوں کے ساتھ مل کر عوام کو دھوکہ دیا اور اربوں روپے کی رقم بٹوری.نیب کے مطابق ملزمان کے نام پیراگون میں 40 کنال اراضی موجود ہے.یاد رہے کہ پیراگون اسکینڈل کیس میں نیب کی جانب سے خواجہ سعد رفیق، خواجہ سلمان رفیق سمیت پانچ ملزمان کے خلاف 31 مئی2019 کو ریفرنس دائر کیا گیا جبکہ خواجہ برادرن کے خلاف پیراگون ریفرنس میں 4 ستمبر کو فرد جرم عائد کی گئی تھی،نیب ریفرنس میں پیراگون سوسائٹی میں سادہ لوح شہریوں سے 59 کروڑ روپے کے فراڈ کا الزام عائد کیا گیا ہے جبکہ اس کیس میں سپریم کورٹ نے خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کی ضمانتیں لے رکھی ہیں۔