افغان جنگ میںفوجیوں کی خودکشی رپورٹس کی تحقیقات شروع کردی،برطانیہ

Sep 08, 2021

لندن(این این آئی)برطانیہ نے افغانستان سے افراتفری میں ہونے والے انخلا کے بعد افغان جنگ میں شریک سابق فوجیوں کی خودکشی کے حوالے سے رپورٹس کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔میڈیارپورٹس کے  مطابق برطانوی فوج اس بات کی تحقیقات کررہی ہے کہ آیا ان کے فوجیوں نے اپنی جانیں لیں یا نہیں کیونکہ یہ افراد مبینہ طور پر افغانستان سے امریکی فوج کی زیر قیادت افرا تفری میں ہونے والے انخلا سے بری طرح متاثر ہوئے تھے۔20 سالہ جنگ میں ہزاروں انسانی جانوں اور کھربوں ڈالر کے زیاں کے بعد افغانستان میں طالبان کے تیزی سے ملک پر کنٹرول کے نتیجے میں امریکا نے ہنگامی بنیادوں پر انخلا کیا۔افغانستان میں 457 برطانوی فوجی مارے گئے جو 2001 کے بعد مرنے والے اتحادی فوج کے ساڑھے تین ہزار فوجیوں کی تعداد کا مجموعی طور پر 13فیصد ہے۔جونیئر وزیر دفاع جیمز ہیپی نے ابتدائی طور پر بتایا کہ افغانستان میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کو دیکھتے ہوئے کچھ فوجیوں نے گزشتہ ہفتے اپنی جان لے لی۔انہوں نے بتایا کہ ہم بہت بہت احتیاط سے جائزہ لے رہے ہیں کہ اس بات میں کس حد تک سچائی ہے کہ گزشتہ کچھ دنوں کے دوران برطانوی فوجیوں نے اپنی جان لی ہے یا نہیں۔

مزیدخبریں