اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ سٹی رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کو غیر سنجیدہ اور نالائق اپوزیشن ملی، ان لوگوں کو بغیر دیکھے ہر اقدام مسترد کرنے کی عادت ہے، دونوں جماعتوں کو انتخابی اصلاحات میں کوئی دلچسپی نہیں، ان کی سیاست اپنے خلاف عدالتی فیصلوں کے التوا تک محدود ہوچکی ہے، پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جو انتخابی اصلاحات کی بات کر رہی ہے، زرداری یا نواز شریف نے کبھی انتخابی اصلاحات کی بات نہیں کی، ن لیگ اور پیپلز پارٹی دونوں جماعتیں دھاندلی سے اقتدار میں آتی رہیں، انتخابات شفاف ہوں تو ان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں۔ کابینہ نے برطانوی ریڈ لسٹ میں شدید اعتراض کیا۔ اسلام آباد میں غریبوں سے زمینیں حاصل کر کے ان کا استحصال کیا گیا۔ فلم انڈسٹری اور سینما کی بحالی کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ وفاقی کابینہ نے سردار علی خان کو نیا آئی جی پنجاب تعینات کرنے کی منظوری دی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اسلام آباد میں زمینوں کے حصول اور الاٹمنٹ کے معاملہ پر ذیلی کمیٹی کے قیام، نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے لئے سیکورٹی پلان، نیشنل کونسل برائے طب کے ارکان کی تقرری، روز ویلٹ ہوٹل نیویارک کے واجبات کی ادائیگی کے لئے فنڈز، برآمدات میں اضافہ کے لئے پورٹ چارجز میں 50 فیصد کمی، این آئی آر سی میں چار ارکان کی تقرری کی منظوری دی گئی۔ برطانیہ کی جانب سے پاکستان کو ریڈ لسٹ میں رکھنے کا معاملہ بھی کابینہ میں زیر غور آیا۔ جبکہ وفاقی کابینہ کو انتخابی اصلاحات اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق پیشرفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔ مسلم لیگ ن اور پی پی سسٹم کو بدلنے میں دلچسپی نہیں رکھتیں، اگر نظام شفاف ہوتا ہے تو ان کا کوئی مستقبل نہیں۔ مریم نواز اور بلاول صرف اسی صورت وزیراعظم بن سکتے ہیں کہ بڑے پیمانے پر دھاندلی ہو اور وہ اقتدار میں آ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جو بھی اصلاحات لاتے ہیں یہ جماعتیں گھر سے بیٹھ کر ایک لائن کا بیان جاری کردیتی ہیں کہ ہم نہیں مانتے۔ بدقسمتی سے ہمیں اس طرح کی سیاسی قوتوں کو آفر کرنا پڑتی ہے کہ وہ آئیں، ہمارے ساتھ بیٹھیں۔ پوری دنیا میں افغانستان کے اوپر بات ہو رہی ہے، ہم نے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی جانب سے اس بارے میں کوئی بات نہیں سنی عوام کی مدد سے انتخابی اصلاحات لائیں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے کامران علی افضل کو نیا چیف سیکریٹری پنجاب اور رائو سردار علی خان کو آئی جی پنجاب مقرر کرنے کی منظوری دی۔ اسی طرح مریم خاور کو چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ایکسپو سینٹرز (پرائیویٹ) لمیٹڈ تعینات کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی کی جانب سے سرکاری ملازمین بشمول جج صاحبان اور صحافیوں کو پلاٹس دینے کے حوالے سے زمین حاصل کرنے اور پلاٹس کی تقسیم سے متعلق طریقہ کار اور سفارشات کابینہ کے سامنے پیش کی گئیں۔ وزیراعظم نے اس پراسیس پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ قطعی طور پر مناسب نہیں کہ غریب افراد سے زبردستی زمین حاصل کر کے مخصوص طبقات کو فائدہ پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اس عمل میں غریب لوگوں کا استحصال کیا گیا، جن لوگوں کی ملکیتی زمینیں تھیں، ان سے حاصل کر کے من پسند بیورو کریٹس اور دیگر لوگوں کو پلاٹس دیئے گئے۔ مستقبل کیلئے وزیراعظم نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری، وزیر قانون فروغ نسیم اور مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھی اس عمل پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ مالی سال 18-2017میں سرکاری اداروں کو 286 ارب روپے کے نقصان کا سامنا تھا۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ یہ خسارہ مالی سال 19-2018میں 31 ارب روپے منافع میں تبدیل ہو گیا۔ یہ بہتری حکومت کی جانب سے ادارہ جاتی اصلاحات سے ممکن ہوئی ہے۔ ن لیگ نے سڑکوں کے حوالے سے جو اقدامات اٹھائے، اس کے نتیجے میں ادارے بیٹھ گئے تھے، اب بڑی اصلاحات لائی جا رہی ہیں، انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے ریڈیو پاکستان کے ملازمین پر ایسنشل سروسز ایکٹ کے نفاذ کی منظوری دی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وفاقی کابینہ نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ری ایڈمیشن سے متعلقہ ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کا معاملہ موخر کر دیا ہے۔ اس مفاہمتی یادداشت کے ذریعے ایک چارٹرڈ فلائٹ کو برطانیہ سے اسلام آبادآنے کی اجازت دینے کی تجویز پیش کی گئی تھی جس میں 123 پاکستانیوں کو ری ایڈمیشن انتظام کے تحت پاکستان لایا جانا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ برطانیہ کے ساتھ ریڈ لسٹ کے حوالے سے ڈاکٹر فیصل سلطان کی برطانیہ کے چیف میڈیکل سائنٹسٹ سے تفصیلی بات ہوئی ہے، کافی حد تک ایشوز حل کر لئے گئے ہیں، امید ہے برطانوی حکومت اپنی پالیسی کا جائزہ لے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ ملک میں سینما انڈسٹری کی بحالی کے لئے نان انڈین پنجابی فلموں کو پاکستان میں اجازت دینے کی تجویز وفاقی کابینہ میں پیش کی گئی تھی، کابینہ نے کہا ہے کہ اسے صرف نان انڈین پنجابی فلموں تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ بھارت کے سوا دیگر ممالک سے فلموں کو پاکستان میں درآمد کیا جائے۔ وفاقی کابینہ نے ہدایت کی ہے کہ ترکی اور دیگر مسلم ممالک سے فلمیں درآمد کرنے کی تجویز کابینہ کے سامنے پیش کی جائے، ہم سینما کی بحالی کے لئے اقدامات کر رہے ہیں اور ایک فلمی پیکیج بھی لایا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ کابینہ نے Remdesivir کے 100 ایم جی والے کرونا انجیکشن کی ریٹیل پرائس 5680 روپے سے کم کر کے 3967 روپے مقرر کرنے کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے نیشنل کونسل برائے طب کے ممبران کی تعیناتی کی بھی منظوری دی۔ اسی طرح پاکستان میڈیکل کمیشن کے ملازمین کے لئے والنٹری سیورنس سکیم اور گولڈن ہینڈ شیک سکیم کی منظوری بھی دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے شکیل احمد منگنیجو پاکستان ایڈمنسٹریٹوسروس گریڈ 21 کو چئیرمین ایمپلائیز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن تعینات کرنے کی منظوری دی۔ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 31 اگست 2021کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وفاقی کابینہ نے پاکستان اور ازبکستان کے مابین جوائنٹ سیکورٹی کمیشن کے قیام کے حوالے سے بین الحکومتی (انٹر گورنمنٹل) پروٹوکول پر دستخط کرنے کی منظوری دی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ کابینہ نے سی پیک اتھارٹی کے قوانین، پاکستان فوڈ سیکیورٹی فلو اینڈ انفارمیشن آرڈیننس اور ڈویلپمنٹ آف نیشنل ڈیٹا ریپوزٹری ڈیٹا پروٹیکشن اینڈ شیئرنگ آف ڈیٹا کے حوالے سے کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے فیصلوں کی توثیق کی۔ انہوں نے کہا کہ نادرا کو نیشنل ڈیٹا ریپوزٹری قائم کرنے کی منظوری دی گئی ہے،کابینہ نے نیشنل انڈسٹریل ریلیشنز کمیشن (این آئی آر سی) کے چار ممبران کی تعیناتی کی منظوری دی جن میں نور زمان، مختار، عبدالقیوم اور سہیل اکرم شامل ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جاوید لطیف ایک سیاسی جوکر ہیں، وہ چاہتے ہیں کسی طریقے سے فوج انہیں لفٹ کروا دے، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پالیسیاں سیاسی حکومت نے دینا ہوتی ہیں، امریکہ میں بھی بیورو کریٹک اور ملٹری لیڈر شپ ہر ڈیڑھ دو سال بعد تبدیل ہو جاتی ہے۔ علاوہ ازیں انعام غنی کو تبدیل کرکے آئی جی ریلوے پولیس جبکہ جواد رفیق ملک کو فواقی سیکرٹری انڈسٹری تعینات کر دیا گیا ہے۔