حضورﷺ کی شفاعت کیلئے عقیدہ ختم نبوت سب سے آسان ذریعہ: پرویز الٰہی 

Sep 08, 2021

لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی  نے یوم تحفظ ختم نبوتؐ پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ میں اس دن پر تمام امت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں حضرت ابوبکر صدیقؓ اور شیر خدا حضرت علیؓ کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے جنگ یمامہ میں نبوت کے ایک جھوٹے دعویدار کی سرکوبی کی۔ جنگ یمامہ کے شہداء اور اس جنگ میں شریک تمام ہستیوں نے تحفظ ختم نبوت کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان پاک ہستیوں نے قیامت تک امت کے سامنے معیار قائم کر دیا کہ عقیدہ ختم نبوت کی حفاظت اور دین کی سربلندی ایسے کی جاتی ہے۔ اس عظیم کارنامے پر ساری امت قیامت تک ان کی احسان مند رہے گی۔ اللہ کریم ہمیں ان کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق  عطا فرمائے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ مجھے اللہ تعالیٰ نے یہ اعزاز بھی دیا کہ یمامہ کے میدان میں حاضر ہوا۔ میں نے یمامہ  کے میدان میں شہداء کے مزارات پر فاتحہ خوانی کی اور نوافل بھی ادا کئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک تحفظ ختم نبوت میں ہزاروں مسلمانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ ان کی اس عظیم جدوجہد کو تب کامیابی ملی جب تقریباً 100 سال بعد 1974ء میں تحفظ ختم نبوت کا قانون قومی اسمبلی سے پاس ہوا۔ اس بل کو پاس کروانے کیلئے حضرت پیر مہر علی شاہ آف گولڑہ شریف‘ امیر شریعت سید عطاء اللہ شاہ بخاری‘ ظہور الٰہی  شہید‘ ذوالفقار علی بھٹو‘ مولانا شاہ احمد نورانی‘ مفتی محمود اور طفیل احمد سمیت اس وقت کے تمام ارکان اسمبلی اور سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے اپنا حصہ ڈالا۔ ان سب کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوتؐ کا تحفظ حضورؐ کی شفاعت حاصل کرنے کا سب سے آسان ذریعہ ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اور ہماری آنے والی نسلوں کو عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ اور دین کی سربلندی کیلئے قبول فرمائے۔

مزیدخبریں