لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف جنوبی پنجاب کی محرمیوں کا ازالہ کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ پنجاب کابینہ نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی خود مختاری کیلئے تاریخ ساز فیصلہ کیا ہے۔ جنوبی پنجاب کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور سیکرٹریز کو انتظامی طور پر مکمل بااختیار بنایا گیا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے جنوبی پنجاب کے عوام سے کئے وعدہ کی پاسداری کرتے ہوئے عملی قدم اٹھایا ہے۔ سروس ٹربیونل کے قیام کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔ بہاولپور میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ قائم کیا جائے گا جلد سنگ بنیاد رکھیں گے۔ عثمان بزدار سے خیبر پی کے کے صوبائی وزیر شوکت یوسف زئی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور‘ بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ اور صوبوں کے درمیان روابط مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ شوکت یوسف زئی نے عثمان بزدار کو خیبر پی کے کے دورے کی دعوت دی۔ عثمان بزدار نے خیبر پی کے میں سیف سٹی پراجیکٹ کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ پنجاب اور خیبر پی کے کے درمیان روابط کو مزید بہتر بنانے اور وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلوں پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تین سال کی مختصر مدت میں برسوں کے کام نمٹائے ہیں۔ سابق حکمران باتیں بناتے رہے ہم حقیقی منصوبے لا رہے ہیں۔ پنجاب دوسرے صوبوں کو ساتھ لیکر چلنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ سیاست میں رواداری اور احترام کے قائل ہیں۔ انتقام نہیں بلکہ مثبت سیاسی روایات قائم کی ہیں۔ نفاق کے بیج بونے والوں کو پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے۔ تنقید برائے تنقید کرنا الزامات لگانا اور دشنام طرازی ہمارا شیوہ نہیں۔ شرافت‘ شفافیت اور دیانت کے اصولوں پر چلتے ہیں۔ ماضی میں سیاسی مخالفین کو جان بوجھ کر انتقام کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ خواتین کے خلاف تشدد کے واقعات کسی صورت قابل قبول نہیں۔ نیوی ڈے پر پیغام میں وزیراعلی نے کہا کہ 8 ستمبر 1965ء کو پاک بحریہ کے جانبازوں نے شجاعت کی نئی تاریخ رقم کی اور پاک بحریہ کے جانبازوں نے پاکستان کی سمندری حدود کا دفاع کرتے ہوئے دشمن کو شکست دی۔ پاک بحریہ نے دشمن کے ناپاک ارادوں کو خاک ملا کر اس کی سمندری طاقت کو نیست و نابود کیا۔ یوم خواندگی پر عثمان بزدار نے کہا ہے کہ خواندگی انسان کے شعور و آگاہی کو جلا بخشتی ہے اور تعلیم کی بدولت ہی قومیں عروج حاصل کرتی ہیں۔ حصول تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور حکومت پنجاب اس حق کو بچوں تک پہنچانے کیلئے سرگرم عمل ہے۔ 33 ہزار سے زائد مرد و خواتین ایجوکیٹرز کی بھرتی کا عمل جلد شروع کیا جا رہا ہے۔ 10 پسماندہ اضلاع کے سکولوں میں اساتذہ کی کمی دور کرنے کیلئے بھرتی کیلئے قواعد میں نرمی کی گئی ہے اور ان اضلاع میں ہارڈ شپ کے تحت مقامی نوجوانوں کو بھرتی کیا جا رہا ہے۔عثمان بزدار سے پنجاب کے نئے انسپکٹر جنرل پولیس سردار علی خان نے ملاقات کی۔ وزیراعلی نیٰ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے ہدایات دیں اور کہا کہ پولیس کو عوام سے بہت توقعات ہیں۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور کسی قسم کا دباؤ قبول نہ کیا جائے۔ میرٹ اور قانون کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری اور اولین فرض ہے۔ پولیس کو قیام امن کیلئے عوام کی توقعات پر ہر صورت پورا اترنا ہوگا۔عثمان بزدار نے نثار کالونی کینٹ جا کر سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان سے ان کے سسر جسٹس (ر) راجہ محمد صابر کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔