ملتان‘ ٹبہ سلطان پور‘ کہروڑ پکا (سپیشل رپورٹر + نمائندہ نوائے وقت + خبر نگار) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت کی نااہلی کی سزا غریب عوام بھگت رہے ہیں۔ شہباز شریف کو اپوزیشن کا کردار نبھانا ہوگا۔ وہ اگر یہ کام نہیں کر سکتے تو ہمیں بتائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان میں صحافیوں سے اپنی گفتگو میں کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ بہت سے لوگ پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنا چاہتے ہیں۔ ہماری فل تیاری لانگ مارچ کے لئے ہے۔ جیسے ہی اپوزیشن تیار ہوئی عدم اعتماد تحریک کامیاب ہو جائیگی۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کافی متنازعہ معاملہ ہے۔ بات چیت سے حل ہو گا۔ لوڈ شیڈنگ کے ماحول میں الیکٹرانک ووٹنگ کی بات ہو رہی ہے۔ ہم نے کسی کی مدد کے بغیر حکومت کو شکست دے کر دکھا دیا ہے۔ ہم نے وزیراعظم کو سینٹ الیکشن میں شکست دی ہے۔ شہباز شریف کو سارے فارمولے کا پہلے سے علم ہے۔ شہباز شریف پارٹی کے صدر ہیں۔ اْن کا فیصلہ حتمی ہونا چاہئے۔ جب بھی شہباز شریف کا بیان آئے پیچھے سے آواز آتی ہے یہ اْن کا ذاتی فیصلہ ہے۔ شہباز شریف قائد حزب اختلاف کا کردار ادا نہ کر سکے۔ صحافی اس وقت مشکل میں ہیں۔ پی ڈی ایم میں جب تک کنفیوژن ہو گی مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ تحریک انصاف جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے نام پر لالی پاپ دے رہی ہے۔ موجودہ صورتحال میں پیپلز پارٹی ہی پہلے پنجاب اور پھر قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد لائے گی۔ میاں صاحب نے لوگوں سے روزگار چھینا اور اب وزیراعظم عمران خان بیروزگاری بڑھا رہے ہیں۔ افغانستان میں طالبان کی حکومت بنی نہیں اس لیے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) میں افغانستان کی انٹری کی باتیں قبل از وقت ہیں۔ پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ مل کر چلتی تو لانگ مارچ ہوتا‘ لانگ مارچ کے لاہور پہنچنے سے پہلے عثمان بزدار کا استعفیٰ اور اسلام آباد پہنچنے سے پہلے عمران خان کا استعفیٰ آ جاتا لیکن اب پیپلز پارٹی خود میدان میں نکلی ہے۔ کارکن پارٹی کا سرمایہ ہیں سب کو ساتھ لیکر نااہل حکومت سے غریب عوام کی جان چھڑائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق ایم این اے ملک عبدالغفار ڈوگر کے قریبی ساتھی چیئرمین یونین کونسل 72 رانا ابراہیم مدنی کی ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت کرنے کی تقریب میں کہی۔ اگلی حکومت میں سید موسیٰ گیلانی اسمبلی میں ہونگے۔ ہم کسانوں کو، طلباء کو سہولیات دیں گے۔ شہید بے نظیر بھٹو کے نظریے کو لیکر جائیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری کا دنیا پور بائی پاس پرجیالوں نے گل پاشی سے استقبال کیا۔ سابق ایم این اے ممتاز خان بھابھہ کے بیٹے کی پیپلزپارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات، تحصیل میلسی کی سیاست میں ہل چل مچ گئی۔ ملاقات کی تصویریں سوشل میڈیاپر وائرل ہوگئیں۔ پی ٹی آئی کا سیاسی جنازہ لودھراں سے نکلے گا۔ مجھے آپ کی ضرورت ہے۔ جاگ جیالے جاگ۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہروڑپکا میں ضلعی صدر امداد اللہ عباسی کی جانب سے ورکر کنونشن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن سے امداد اللہ عباسی یوسف رضا گیلانی اور مخدوم احمد محمود نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں بلاول بھٹو زرداری نے ضلعی سیکرٹریٹ کا افتتاح کیا اورکارکنوں سے ملاقات کی۔ ان کے مسائل سنے، دریں اثنا ورکرزکے لئے پرتکلف ضیافت کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔