لاہور( سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق مایہ ناز کھلاڑی اولمپیئن جہانگیر بٹ انتقال کرگئے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ترجمان کے مطابق 78 سالہ اولمپیئن جہانگیر بٹ نے 1968 کے میکسیکو اولمپکس میں پاکستان کا پرچم بلند کیا اور گولڈ میڈل حاصل کیا۔ اولمپیئن جہانگیر بٹ نے پاکستان کی جانب سے 2 اولمپکس میں حصہ لیا۔ 1968 میکسیکو اولمپکس میں گولڈ میڈل جبکہ 1972 میونخ اولمپکس میں سلور میڈل حاصل کیا۔ سابق اولمپیئن جہانگیر بٹ نے 1966 ایشین گیمز بینکاک میں پاکستان کیلئے سلور میڈل اور 1970 میں بینکاک میں منعقد ہونے والی ایشین گیمز میں پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتا۔ جہانگیر بٹ مرحوم اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں پاکستان کسٹمز کیساتھ منسلک رہے اور بطور سپرنٹنڈنٹ کسٹمز ریٹائر ہوئے۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے جہانگیر بٹ کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی ہے ‘دعا ہے اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
ہاکی ٹیم کے سابق اولمپیئن جہانگیر بٹ انتقال کرگئے
Sep 08, 2021