100 یتیم بچوں کے اقامتی ادارے آغوش الخدمت چترال کا افتتاح 

لاہور(خصوصی نامہ نگار)الخدمت فاؤنڈیشن کے کفالتِ یتامیٰ پروگرام کے تحت 100 یتیم بچوں کے اقامتی ادارے آغوش الخدمت چترال کا افتتاح کر دیا گیا۔اس حوالے سے چترال میں ایک پروقارافتتاحی تقریب کا انعقادکیا گیا۔الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر محمد عبدالشکور، ممبر قومی اسلامی عبدالاکبر چترالی، جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے آغوش سنٹر کا افتتاح کیا۔تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا کے صدر خالد وقاص، سابق ضلع ناظم سید مغفرت شاہ، ضلعی صدر نوید احمد بیگ سمیت معززین علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔محمد عبدالشکور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ آغوش چترال میں 100یتیم بچوں کو قیام و طعام، صحت و تعلیم اور ذہنی و جسمانی نشوونما کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا جائیگا۔اس وقت آغوش سنٹرزاٹک،شیخوپورہ،اسلام آباد(طالبات) ،راولپنڈی ،مری،راولاکوٹ ،باغ ،پشاور ،لوئردیر،ڈیرہ اسماعیل خان،مانسہرہ،کوہاٹ، گوجرانوالہ اور ترکی میں قائم ہیں۔ اِس موقع پر امیر العظیم نے کہا کہ ہمیں بحثیت قوم ملکر یتیم اور بے آسرابچوں کی فلاح وبہود کے لیے کام کرنا چاہیئے,اس حوالے سے الخدمت  کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔عبدالاکبر چترالی نے کہا کہ آغوش الخدمت چترال کا قیام یتیم بچوں کے لئے ایک محفوظ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔

ای پیپر دی نیشن