ریونیو کلیکشن کیلئے بھر پور اقدامات اٹھائے جار ہے ہیں : صوبائی وزیر مال 

Sep 08, 2021

اٹک (نامہ نگار) صوبائی وزیر مال ملک محمد انور نے کہا ہے کہ محکمہ مال نے لینڈ ریونیو انتقالات، سٹیمپ ڈیوٹی، ایگرکلچرانکم ٹیکس اور واٹر ریٹ کی مدات میں ٹیکس وصولی کے حوالے سے شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔یہ بات انہوں نے آج یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔صوبائی وزیر نے محکمہ مال کی کارکردگی بتاتے ہوئے کہا کہ مالی سال2020-21 میں ان مدات میں وصولیوں کے مجموعی ہدف 59,849ملین روپے کے مقابلے میں 62,017ملین روپے وصول کئے گئے جو مجموعی ہدف کا104فیصد ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ لینڈریونیو انتقالات کی مد میں 16,000ملین روپے کے مقابلے میں 17,372ملین روپے وصول ہوئے جو مقررہ ہدف کا109فیصد ہے۔ اسی طرح سٹیمپ ڈیوٹی کی مد میں 37,714ملین روپے کے مقابلے میں 39,040ملین روپے وصول ہوئے جو مقررہ ہدف کا104فیصد ہے۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ ایگرکلچر انکم ٹیکس کی مد میں وصولی کے ہدف2,500ملین روپے کے مقابلے میں 2,366ملین روپے کی وصولی ہوئی۔ اس طرح وصولی کی شرح95فیصد رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ واٹر ریٹ کی مد میں 3,635ملین روپے کے مقابلے میں 3,239ملین روپے وصولی کی گئی جو ہدف کا89فیصد ہے۔ ملک محمدانور نے مزید کہا کہ محکمہ مال ریونیوکلیکشن کیلئے نہایت اہمیت کا حامل ادارہ ہے اور حکومت کی جانب سے ریونیو کلیکشن کیلئے بھر پور اقدامات اٹھائے جار ہے ہیں تاکہ عوامی  امور کے لئے وافر مالی وسائل دستیاب ہوں۔

مزیدخبریں