وزیرداخلہ شیخ رشیداحمدنے کہاہے کہ افغانستان میں پائیدارامن خطے اوردنیامیں استحکام کیلئے ناگزیرہے۔وہ اسلام آباد میں جرمنی کے سفیر Bernhrd Schlaghecاور ہالینڈ کے سفیر Wouter Plompسے گفتگوکررہے تھے۔انہوں نے افغانستان کی موجودہ صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال کیا۔شیخ رشیداحمدنے کہاکہ افغانستان میں امن کاقیام پاکستان میں امن کے لئے انتہائی اہم ہے کیونکہ پاکستان افغانستان میں امن واستحکام کاخواہاں ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی حکومت افغانستان سے انخلاء کرنے والے افغان شہریوں اور غیرملکیوں کوبھرپورمعاونت فراہم کررہی ہے اوراس سلسلے میں تعاون کی فراہمی کے لئے وزارت داخلہ نے سہولیات مرکزقائم کیاہے۔جرمنی اورہالینڈ کے سفیروں نے افغانستان میں غیرملکیوں خصوصاً یورپی شہریوں اورغیرسرکاری تنظیموں کے متعلقہ ارکان کے محفوظ انخلاء میں بروقت معاونت کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے پاکستان کے طویل مدتی تعاون اوربڑی تعدادمیں افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کو سراہا۔