اسلام آباد (خبر نگار) وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے ایم ڈی کیٹ کا امتحان تاحکم ثانی ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ہے اور کہا ہے کہ اس وقت ملک سیلاب کی وجہ سے بری طرح متاثر ہے۔ صوبے اور وفاق اپنے متاثرہ شہریوں کی مدد کے لیے مصروف ہیں، 1300 لوگوں کی اب تک جانیں جا چکی ہیں۔ لاکھوں لوگ بے گھر ہوگئے۔ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ بہت بڑا مسئلہ تھا جس کا آخرکار آج حل نکل آیا، کچھ عرصے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے پی ایم سی کو تحلیل کیا تھا،سرچ کمیٹی کی جانب سے اپنے تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے، اشتہارات کی ذریعے پورے ملک سے طبی ماہرین کو مدعو کیا گیا۔100 کے قریب انتہائی قابل ماہرین نے اپلائی کیا اور عمل پورا ہوا، ہائی نمبرنگ والوں کی فہرست وزیراعظم کو ارسال کی گئی اور انہوں نے منظور کی۔