چہلم امام حسینؓ، عرس داتا گنج بخشؒ کیلئے صفائی پلان جاری 

Sep 08, 2022

لاہور(خبرنگار)لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے چہلم امام حسین ؓ اور979ویں عرس تقریبات علی ہجویری داتا گنج بخش ؒکے موقع پر زائرین اور عقیدتمندوں کی صحت اور سہولت کیلئے صفائی پلان جاری کر دیا ہے۔ترجمان ایل ڈبلیو ایم سی کے مطابق چہلم حضرت امام حسین ؓاور عرس کی مناسبت سے داتا گنج بخش ٹاؤن میں صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائینگے۔ موثر صفائی اقدامات کیلئے ایل ڈبلیو ایم سی کے سینٹری ورکرز اور مشینری صفائی آپریشن پر مامور رہے گی۔چہلم وجلوس کے راستوں پر صفائی اور پانی کا چھڑکاؤ کیا جائیگا،سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی رافعہ حیدر نے داتا دربار اور ارد گرد کی گلیوں میں خصوصی واشنگ ایکٹیویٹی کے احکامات بھی صادر کئے ہیں جبکہ جلوس کے راستوں سے کوڑا کنٹینر عارضی طور پر ہٹانے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئیں ۔سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی رافعہ حیدر کا کہنا ہے کہ لاہور میں چہلم امام حسین اور عرس تقریبات کے موقع پر غیر معمولی اقدامات کا مقصد زائرین اور عقیدت مندوں کو صفائی کی بہترین سہولیات سے مستفید کرنا اور مرتب کردہ پلان کو حتمی شکل دینا ہے۔دورانِ تقریبات ایل ڈبلیو ایم سی کی صفائی مشینری اور عملہ صفائی کی بہتریں صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے تعینات رہیں گے۔ جلوس کے راستوں کی واشنگ کے ساتھ ساتھ تین روزہ عرس تقریبات کے دوران اطراف کے راستوں اور گلیوں میں بھی خصوصی صفائی آپریشن کیا جائے گا۔شہریوں کی سہولت کے لیے جلوس کے روٹس پر موجود کنٹینرز کو بروقت خالی کیا جائے گا جبکہ دربار کے اندرونی و بیرونی حصوں میں بھی خصوصی صفائی اور دھلائی کی جائے گی۔

مزیدخبریں