کراچی (نیوز رپورٹر)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ سندھ کو سیلاب و بارش نے نہیں پی پی پی کی منظور نظر وڈیرہ شاہی نے ڈبویا ہے۔سندھ حکومت پر وڈیرہ شاہی کا قبضہ ہے۔ ان کی شاہانہ پالیسیوں کی وجہ سے عوام زندہ درگور ہیں۔ سندھ کی وڈیرہ شاہی اور لٹیرا شاہی کو کرپشن سے فرصت نہیں ہے۔ اربوں ، کھربوں روپے کی امداد کا ایک دھیلہ بھی متاثرین پر خرچ کیوں نہییں ہورہا، عطیات کہاں جا رہے ہیں؟ وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے اعلان کردہ امدادی رقوم متاثرین تک کیوں نہیں پہنچ رہیں؟ بیرون ممالک نے کرپشن کے اندیشے کے پیش نظر نقد رقوم سے امداد نہیں کی ہے۔ ملک کو بچانا ہے تو میرٹ کا نظام لانا ہوگا۔ میرٹ نہ ہونے کا سب سے زیادہ نقصان کوٹہ سسٹم سے فائدہ اٹھانے والوں کو ہورہا ہے۔ منظم کرپشن ختم کرنے کے لئے وڈیرہ شاہی کے خلاف کاروائی ناگزیر ہو گئی ہے۔ پاکستان بدعنوانیوں کی وجہ سے مفلوک الحال ہوگیا ہے۔ لینڈ ریفارمزکر کے انگریزوں کے پشتینی نمک خواروں کا بوریا بستر گول کیا جائے۔ ملک میں ایسا صاف شفاف انتخابی نظام ترتیب دیا جائے کہ پارلیمنٹ اور قومی و صوبائی ایوانوں میں عام آدمی کا داخلہ ممکن ہوسکے۔پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی پاکستان میں حقیقی جمہور ی نظام کے نفاذ کے لئے سرگرم عمل ہے۔ سیاسی جماعتیں سندھ کے عوام کو درپیش وڈیرہ شاہی اور لٹیرا شاہی کے چنگل سے نکالنے اور صحت،تعلیم، امن و امان،ٹرانسپورٹ جیسے مسائل کے حل اور کرپشن کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں پی ڈی پی کے چیئرمین الطاف شکور نے سندھ میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی حالت زاراور صوبائی حکومت کی بدعنوانی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ سندھ میں لاڑکانہ، میر پور ناتھن و دیگر علاقوں میں ہونے والی سیلابی صورتحال کی ذمہ دار برسوں سے سندھ پر قابض وڈیرہ شاہی، لٹیرا شاہی اور جاگیرداری نظام ہے۔ یہ مقامی ایم این ایز، ایم پی ایز، وڈیرے اور بڑے بڑے جاگیردار اپنی زمینوں پر فژ ٹینکس بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ساز باز کر کے پہلے کسانوں کا پانی روکتے ہیںاورفش ٹینکس بنانے کے لئے پانی ذخیرہ کرتے ہیں۔ بارشوں کے باعث پانی ضرورت سے زیادہ ہوجانے کے بعد اپنی زمینیں بچانے کے لئے حکومتی وسائل استعمال کرتے ہوئے پانی کا رخ غریب عوام اور کسانوں کی طرف موڑ دیا جس کے نتیجے میںسیلاب آیا اور عوام کی جمع پونجی پانی کی نذر ہوگئی۔ وڈیرہ شاہی و لٹیرا شاہی عوام کے سلگتے ہوئے مسائل اور دکھوں کی ذمہ دار ہے، جس نے عوام کو جمہوریت کے ثمرات سے محروم کر رکھا ہے۔کبھی سندھ کے وڈیرے واٹر کورسز توڑ کر زرعی پانی چوری کرتے ہیں اورکبھی اپنی زمینوں پر بنائے گئے واٹر ٹینکس کے پانی کا رخ عوام کی جانب کر کے انہیں سیلاب میں دھکیل دیتے ہیں۔قومی و صوبائی اسمبلیوں میں وڈیرے، خان اورجاگیردار سرمایہ دار نظر آتے ہیں جن کی اکثریت کرپٹ اور مفاد پرست ہے۔ سندھ پر قابض پیپلز پارٹی اور ان کے چہیتے وڈیروں کو عوام کے دکھ اور تکالیف کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ سندھ حکومت نہ تو عوام سے مخلص ہے نہ ہی عوام کی زندگیاں بچانے کے لئے نمائشی اقدامات کے علاوہ کچھ کرنے کو تیار ہے۔ وفاقی و صوبائی حکومت کی جانب سے متاثرہ عوام کے لئے اربوں روپے کی امداد کا اعلان کیا گیا لیکن عوام کی حالت زار بتا رہی ہے کہ ان تک اس امداد کا ایک روپیہ بھی نہیں پہنچا۔ مرادعلی شاہ عوام کو بتائیں کہ اربوں کھربوں روپے کی امداد آخر کہاں جا رہی ہے؟ ۔
سندھ کو سیلاب و بارش نے نہیں ،وڈیرہ شاہی نے ڈبویا :الطاف شکور
Sep 08, 2022