پوری قوم دربدر، عمران خان جلسے کرتے پھررہے ہیں: شرجیل میمن

Sep 08, 2022


حیدرآباد(نامہ نگار)صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران خان بھارت اور اسرائیل کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں، ایسے وقت میں جب پورے ملک میں سیلاب و بارش سے کروڑوں افراد بے گھر، بھوک و افلاس میں مبتلا ہیں عمران خان جلسے کررہے ہیں۔وہ اداروں اور عدلیہ کی کردار کشی میں مصروف ہیں۔حیدرآبا دمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہاکہ 6ستمبر کو جب یوم دفاع پاکستان تھا عمران خان اس دن جلسہ کرکے اداروں کی کردار کشی کررہے ہیں، اس وقت بڑی تعداد میں لوگ کھانے سے محروم ہیں، ڈینگی سے لڑرہے ہیں، ہم خود پانی سے جنگ کررہے ہیں ایسے میں یہ شخص ملک میں بیٹھا عوام، فوج، عدلیہ اور الیکشن کمیشن سے جھگڑا کررہا ہے۔ یہ ٹرینڈ باہر سے چل رہے ہیں، عمران خان کو وہ لوگ اچھے لگتے ہیں جو فرح گوگی کی کرپشن پر خاموش رہیں اور ان کی جھوٹی تعریف کریں۔ یہ ناکام سیاستدان تو ہے ہی اچھے انسان بھی نہیں ہیں۔ یہ سوشل میڈیا پر اربوں روپے خرچ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک کو اس وقت بدترین سیلابی آفت کا سامنا ہے اور ملک بھر میں ایمرجنسی کی صورتحال ہے۔ بارش اور سیلاب سے اب تک 101افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں، 11ہزار558افراد زخمی ہوئے، 11لاکھ 95ہزار مکانوں کو جزوی نقصان ہوا ہے،5لاکھ 82ہزار گھر مکمل تباہ ہوئے، سندھ بھر میں 45ہزار جانور مرے، 82لاکھ ایکڑ زمین کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں 2021 ریلیف کیمپ بنائے گئے ہیں جن میں 5لاکھ 24ہزار افرا دکومنتقل کیا گیا ہے، ایک لاکھ 40ہزار ٹینٹ تقسیم کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ منچھر جھیل میں پانی کی صورتحال کچھ بہتر ہوئی ہے، پانی دریا میں جارہا ہے لیکن پیچھے سے آنے والے پانی کی رفتار کم نہیں ہورہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت میرپورخاص، سانگھڑ، مٹیاری، قمبرشہدادکوٹ، جیکب آباد اورجھڈو میں پانی موجود ہے جسے نکالنے کی کوشش کررہے ہیں۔
شرجیل میمن

مزیدخبریں