کراچی (نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے اور قدرتی ماحولیاتی نظام کو آلودگی کے مضر اثرات سے بچانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان جامع ہم آہنگی ضروری ہے۔یہ بات انہوں نے یہاں لیاری ندی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے بحری امور سید فیصل سبزواری، کراچی پورٹ ٹرسٹ کے چیئرمین ایس ایم طارق ہدا ، متعلقہ محکموں اور تنظیموں کے افسران، ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان، یونیسیف، ملٹی نیشنل اور نیشنل کمپنیوں کے نمائندوں اور پبلک پالیسی کے ماہرین نے شرکت کی۔ شیری رحمان نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک عالمی مسئلہ ہے اور انفرادی کوششیں کارآمد ثابت نہیں ہو سکتیں لہذا تمام متعلقہ سرکاری محکموں اور عوامی تنظیموں، بین الاقوامی تنظیموں، تجارتی و صنعتی برادریوں اور دیگر تمام سٹیک ہولڈرز کو ایک مربوط انداز میں فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بارشوں اور سیلاب نے ملک کا ایک تہائی علاقہ اور لاکھوں افراد کو متاثر کیا ہے اور یہ اس بات کی نشاندہی ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں سے زیادہ خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں سالانہ اوسط سے بہت زیادہ بارشیں ہوئیں جس سے ایک وسیع علاقہ زیر آب آ گیا۔ انہوں نے سندھ کے ضلع نوشہرو فیروز کے شہر پڈ عیدان کی مثال پیش کی جہاں صرف ایک دن میں 700 ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔
شیری رحمن