فورسز نے مکینوں کو ہراساں کیا‘ موبائل فون‘ اہم دستاویز‘ دیگر سامان ضبط 

Sep 08, 2022


سرینگر(کے پی آئی ) بھارت کے غیرقانونی قبضے والے کشمیر میں محاصرے اور تلاشی کارروائیاں جاری ہیں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے زیر کنٹرول ریاستی تحقیقاتی ایجنسی(ایس آئی اے) نے بھارتی پولیس اور پیرا ملٹری فورس سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکاروں کے ساتھ مل کرکئی علاقو ں میں چھاپے مارے۔ مکینوں کو ہراساں کرنے کے علاوہ موبائل فون، اہم دستاویزات اور دیگر سامان ضبط کرلیا گیا،جنوبی کشمیر میں دو کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر صورتحال کشیدہ رہی۔مقبوضہ جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلی و پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے کہاہے کہ شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کی انتظامیہ نے غیر کشمیری مزدوروں اور بھارتی فورسز کے اہلکاروں کے بطور ووٹر اندراج کیلئے زبانی احکامات دیے ہیں۔محبوبہ مفتی کا یہ بیان مقبوضہ کشمیر کے چیف الیکٹورل آفیسر ہردیش کمار کے زیر صدارت آل پارٹیز اجلاس کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے جس میں غیر کشمیری مزدوروں اور بھارتی فورسز کے اہلکاروں کے ووٹوں کے اندراج پر تبادلہ خیال کیاگیا تھا۔جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے افسوس ظاہر کیا ہے کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت مقبوضہ علاقے کی آبادی کے تناسب کوبگاڑنے اور کشمیریوں کی جاری تحریک آزادی کو دبانے کیلئے مسلسل سازشیں کر رہی ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مودی حکومت اسرائیلی طرز پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی شہریوں کو آباد کرکے مقبوضہ علاقے کی مسلم اکثریتی شناخت کو تبدیل کرنے کی سازش کر رہی ہے۔ 
کشمیر

مزیدخبریں