ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا: محکمہ موسمیات

ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

 محکمہ موسمیات نے موسم کی صورتحال بتاتے ہوئے کہا کہ کشمیراور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ کشمیر اور ملحقہ علاقوں میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں آج موسم گرم اور مرطوب رہے گا البتہ تھرپارکر، بدین، عمر کوٹ، میر پور خاص اور سندھ کے ساحلی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤ ں  کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں موسم گرم اورخشک رہے گا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 55 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔صوبہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آج بھی موسم گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ مانسہرہ، ایبٹ آباد، بونیر، شانگلہ اور سوات میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اورخشک رہے گا جبکہ کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔اس کے علاوہ قلات میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ریکارڈ کیا گیا جبکہ بلوچستان کے ساحلی علاقہ گوادر میں درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ملتان میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

علاوہ ازیں کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں ماہ ستمبر میں بھی مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا ، شمال مشرقی پنجاب  اور سندھ میں معمول سے زائد بارشوں کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ کے پی کے ، کشمیر اور بلوچستان  میں بھی معمول کے مطابق بارشیں متوقع ہیں۔

چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا تھا کہ سندھ میں 12 ستمبر کے بعد بارشیں شروع ہونے کا امکان ہے جبکہ اس دوران شہروں میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ  مون سون سیزن 3 ماہ پر مشتمل ہوتا ہے، جولائی تا ستمبر مون سون جاری رہتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن