اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے واپڈا کی درخواست پر پن بجلی کے ٹیرف میں 29 فیصد اضافے کی منظوری دے دی۔پن بجلی کا اوسط ٹیرف 3 روپے 85 پیسے سے بڑھا کر 4 روپے 96 پیسے فی یونٹ مقرر کر دیا گیا۔ نیپرا نے اضافے کی منظوری 2022-23 کیلئے دی ہے۔ ٹیرف میں اضافے کا فیصلہ نگراں وفاقی حکومت کو بھی بھجوا دیا گیا۔دوسری جانب نیپرا نے واپڈا کے پن بجلی اسٹیشنز کا کیپسٹی ٹیسٹس کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں سی پی پی اے کو ٹیسٹس کروانے کے احکامات جاری کر دیے گئے۔نیپرا نے ہدایت کی کہ واپڈا کے تمام پن بجلی اسٹیشنز کا الگ الگ کیپسٹی ٹیسٹس کیا جائے، تمام اسٹیشنز کے کیپسٹی ٹیسٹس کی رپورٹ جمع کروائی جائے۔پانی کے کم اخراج کے دوران پن بجلی پلانٹس کی دستیابی یقینی بنانے کے بھی احکامات جاری کیے گئے۔ واپڈا پانی کے اخراج کے بارے میں سی پی پی اے کو تفصیلات فراہم کرے گا جبکہ پیمائش کے حوالے سے واٹر فلو میٹر نصب کرے گا۔نیپرا کی جانب سے سی پی پی اے اور واپڈا کو جاری پن بجلی پلانٹس کے معاہدے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا کہ جاری منصوبوں سے بجلی کی خرید و فروخت کے معاہدے کیے جائیں۔
نیپرا نے پن بجلی کے ٹیرف میں 29فیصد اضافے کی منظوری دیدی
Sep 08, 2023