اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق کی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی دیگر کیسز میں گرفتاری سے روکنے کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ عدالتی چھٹیوں کے بعد معاملہ دیکھ لیتے ہیں،چھٹیاں ختم ہورہی ہیں آپ کا مرکزی کیس جلد سماعت کے لیے مقرر کر دیتے ہیں۔گذشتہ روز اعتراضات کے ساتھ درخواست پر سماعت کے دوران وکیل سلمان صفدر اور خالد یوسف عدالت کے سامنے پیش ہوئے اور استدعا کی کہ ایف آئی اے ، نیب اور پولیس کو دیگر کیسز میں گرفتاری سے روکا جائے،وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے کہاکہ ا عتراضات اپنی جگہ ٹھیک مگر میں واضع کرنا چاہتا ہوں،تقریباً دو سو کے قریب کیسز رجسٹرڈ ہوچکے ہیں، اسلام آباد پولیس نے سیاسی انتقام کے کیسز میں قانون کی بالادستی ہی ختم کردی، سلمان صفدرنے چوہدری ظہور الٰہی اور مولانا عبدالستار نیازی کیسز کا حوالہ دیااور کہاکہ گرمیوں کی چھٹیوں میں ہی ان معاملات کےلئے کوئی خصوصی بنچ تشکیل دےں، چیف جسٹس نے کہاکہ ابھی بھی چھٹیاں ہی چل رہیں ہیں،بیرسٹر سلمان صفدر نے کہاکہ ملک بھر سے تمام کیسز کا ریکارڈ طلب کرلیا جائے،9 مئی کا سن کر ڈر لگتا ہے مگر تب سے دیکھا جائے،صرف اتنا بتایا جائے کہ کل کیسز کتنے ہیں، کتنی میں گرفتاریاں ہیں،چیف جسٹس نے کہاکہ اس طرح کرتے ہیں اس پٹیشن کو مقرر کر دیتے ہیں رپورٹ دوبارہ منگوا لیتا ہوں، بیرسٹر سلمان صفدر نے کہاکہ تازہ رپورٹ منگوا لیں تاکہ تفصیلات سامنےآجائیں، چیف جسٹس نے کہاکہ کیس کو جلد مقرر کرنے اور اس پٹیشن پر آرڈر بھی کر دیتا ہوں۔نمائندہ نوائے وقت کے مطابق انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین کی رخصت کے باعث بغیر کارروائی کے سماعت 9 ستمبر تک ملتوی کر دی ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے وکلاءخصوصی عدالت میں پیش ہوئے اور عملے سے درخواست کی کہ آئندہ سماعت کیلئے نو ستمبر کی تاریخ مقرر کی جائے۔ عدالتی عملے نے کہا کہ9 ستمبر کو ہفتہ ہوگا، جج صاحب گیارہ ستمبر سے ڈیوٹی پر موجود ہوں گے۔ وکلاءنے موقف اپنایا کہ آپ 9 ستمبر کی تاریخ مقرر کر دیں۔ جج صاحب موجود ہوں گے تو ضمانت کی درخواست پر دلائل دے دیں گے۔ بعد ازاں عدالتی عملے نے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے وکلاءکی استدعا پر سماعت9 ستمبر تک ملتوی کر دی ہے۔