اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمیشن کو رزلٹ مرتب کرنے کے سسٹم (Result Compilation System) پر بریفنگ اور عملی طور دکھایا گیا کہ سسٹم کس طرح کام کرتا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق بریفنگ میں معزز ممبران الیکشن کمیشن، فیڈرل منسٹر آئی ٹی، سیکرٹری آئی ٹی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیشنل آئی ٹی بورڈ (NITB) اور نادرا کے سینئر افسران کی ٹیم بھی کمیشن کی درخواست پر بریفنگ میں موجود تھی۔ بریفنگ میں سیکرٹری الیکشن کمیشن، ایڈوائزر، سپیشل سیکرٹری، پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے سربراہ سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اس بریفنگ اور عملی مظاہر ہ کے دوران منسٹر صاحب، سیکرٹری آئی ٹی اور نادرا کی ٹیم نے سسٹم سے متعلق اپنا فیڈ بیک دیا۔ الیکشن کمیشن کی اس کاوش کو سراہا۔ مزید انہوں نے سسٹم پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ الیکشن کمیشن کو حلقہ بندیوں پر جاری کام پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اس سلسلہ میں حلقہ بندی کمیٹیوں کی ٹریننگ مکمل ہو چکی ہے ۔ ڈسٹرکٹ وائز قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کے کوٹہ کا تعین کر دیا گیا ہے۔ اور کمیٹیوں نے اپنا کام شروع کر دیا ہے۔ کمیشن کو یقین دلایا گیا کہ شیڈیول کے مطابق یہ کام مکمل کرلیا جائے گا۔ کمیشن نے حلقہ بندیوں پر کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ الیکشن کمشن نے مزید کہا کہ ڈسٹرکٹ وائز قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کے کوٹہ کا تعین کر دیا گیا ہے۔