جی 20 ممالک بھارتی اقلیتوں پر مظالم کے خلاف آواز اٹھائیں: طاہر اشرفی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) چیئرمین پاکستان علماءکونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے جی20 ممالک کی قیادت سے اپیل کی ہے کہ وہ ہندوستان میں اقلیتوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز بلند کریں اور ہندوستان کو مجبور کریں کہ وہ مقبوضہ کشمیر جو اس وقت دنیا کی سب سے بڑی جیل بنی ہوئی ہے‘ وہاں رہنے والوں پر مظالم کا سلسلہ بند کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر کو حق خودارادیت دے۔ پوری امت مسلمہ کی نگاہیں اسلامی تعاون تنظیم پر لگی ہوئی ہیں جس کی سربراہی اس وقت مملکت سعودی عرب کے پاس ہے۔ سعودی عرب سے امت مسلمہ امید رکھتی ہے کہ وہ ہمیشہ کی طرح ہندوستان میں مظلوم مسلمانوں اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے حق کیلئے اپنا قائدانہ کردار ادا کرے۔ انہوں نے یہ بات پاکستانی و عرب ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے مزید کہا کہ کشمیر دنیا کا دیرینہ حل طلب مسئلہ ہے جہاں ہندوستان گزشتہ سات دہائیوں سے غاصبانہ قبضہ کر کے انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کا مرتکب بنا ہوا ہے۔ نام نہاد جمہوری ملک کشمیریوں کے حق خودارادیت کو دبائے بیٹھا ہے اور ریاست کی خودمختار حیثیت کو ختم کر کے وہ وہاں مسلم اکثریت کو ختم کرنے کیلئے ملک کے دوسرے علاقوں سے انتہاپسند ہندوﺅں اور پنڈتوں کو آباد کیا جا رہا ہے۔ ڈیڑھ لاکھ سے زائد کشمیری بھارتی فوج کے مظالم اور بربریت کا شکار ہوکر موت کی آغوش میں چلے گئے ہیں۔ نوجوان آئے روز بھارتی فوج کے وحشیانہ تشدد کا شکار بن رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن