لاہور (نوائے وقت رپورٹ) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر کی ہدایت پر پنجاب آرٹس کونسل نے صوبہ بھر کے سرکاری اور پرائیویٹ تھیٹرز میں چلنے والے ڈراموں کے سکرپٹ منسوخ کر دئیے ہیں۔ عامر میر کے مطابق سکرپٹس منسوخی کی بنیادی وجہ سٹیج ڈراموں کے لیے ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز کی خلاف ورزی ہے۔ سکرپٹس منسوخی کے بعد اب کسی بھی تھیٹر میں کوئی ڈرامہ نہیں دکھایا جا سکے گا۔ عامر میر کا کہنا تھا کہ نئے ڈراموں کی نمائش ترمیم شدہ ڈرامہ ایکٹ کے نفاذ کے بعد ممکن ہو گی۔ صوبائی وزیر نے پنجاب آرٹس کونسل کو ہدایت کی ہے کہ وہ صرف بہترین اور معیاری ڈراما سکرپٹ کی منظوری کو یقینی بنائے گی۔ علاوہ ازیں پنجاب عامر میر کی زیر صدارت پنجاب کونسل آف آرٹس کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس 8 برس کے طویل وقفے کے بعد منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے عامر میر نے کہا کہ بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کا مقصد پنجاب میں آرٹ اور کلچر کی ترویج کا موثر روڈ میپ بنانا ہے۔ پنجاب کی تمام 12 آرٹس کونسلز کو مکمل طور پر فعال کرنے کے لیے پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ اجلاس کے دوران بورڈ آف گورنرز نے متفقہ طور پر مری میں 6 برس سے تالا بند آرٹس کونسل کے سینما گھر کو 8 ستمبر سے کھولنے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس میں ریٹائرڈ فنکاروں کو پنجاب حکومت کی جانب سے ماہانہ اعزازیہ دینے کی پر زور سفارش کی گئی جسے حتمی منظوری کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ اجلاس میں 150 برس پرانے ڈرامیٹک پرفارمینس ایکٹ 1876ءمیں ترامیم کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اس موقع پر عامر میر نے کہا کہ سٹیج ڈراموں میں لچر بازی اور فحاشی کو آرٹ اینڈ کلچر قرار نہیں دیا جا سکتا۔