لاہور(نیٹ نیوز) ملک میں معاشی عدم استحکام اور غربت کے باعث خودکشی کے رحجان میں پریشان کن اضافہ ہوا ہے، پنجاب میں صوبائی پولیس کو حالیہ 16 روز میں غربت اور بھوک کے ہاتھوں مجبور 242 خاندانوں کی جانب سے مدد کے لیے 15 پر کال موصول ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے نواحی گاو¿ں پنجو کے رہائشی خالد نے ہیلپ لائن پر کال کر کے بتایا وہ بھوک سے مر رہا ہے اور اس نے خود سوزی کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ انڈسٹریل ایریا تھانے کے انچارج محمد عظیم نے کال کا فوری جواب دیا۔ عظیم خالد کے گھر گیا، اسے راشن اور کھانا فراہم کیا۔ چند روز قبل شاہدرہ میں مدد کے لیے اسی طرح کی درخواست سامنے آئی تھی۔ پولیس حکام کے مطابق پولیس روزانہ اوسطاً 15 خاندانوں کو مدد فراہم کررہی ہے جو بھوک اور غربت کی وجہ سے اپنی زندگی ختم کرنے کا ارادہ کرتے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں 17، اوکاڑہ میں 23، راولپنڈی میں 22، لیہ میں 18، رحیم یار خان میں 20، ڈی جی خان میں 15، مظفر گڑھ میں 10، فیصل آباد میں 11، گوجرانوالہ میں 15، ملتان میں 10،لودھراں میں 8 ، وہاڑی میں 7، اٹک میں 6 اور شیخوپورہ میں 5 کیسز رپورٹ ہوئے۔ جھنگ، خانیوال، منڈی بہاو¿الدین اور بہاولپور میں 4-4جبکہ سرگودھا، قصور، جہلم اور بہاولنگر میں 3-3کیسز سامنے آئے۔