اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزےر تجارت گوہر اعجاز سے امرےکہ کے سفےر ڈونلڈبلوم اور ترکمانستان کے سفےر نے الگ الگ ملاقاتےں کےں ،امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے وزارت تجارت میں نگراں وفاقی وزیر برائے تجارت، صنعت و پیداوار ڈاکٹر گوہر اعجاز سے ملاقات کی۔ ملاقات مےں دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے، امریکہ اور پاکستان کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیاگےا ، ڈاکٹر گوہر اعجاز نے بتایا کہ حکومت پاکستان نے ایک خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل تشکیل دی ہے جس کا مقصد مختلف شعبوں مثلاً کانوں اور معدنیات، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور توانائی میں سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے اور انہوں نے دعوت دی کہ مزید امریکی کمپنیاں سرمایہ کاری کے اختیارات تلاش کر سکتی ہیں۔ وزیر نے سفیر کے ساتھ اقتصادی بحالی کے منصوبے کے لیے حکومتی کوششوں کے بارے میں تفصیل سے بتایا اور پاکستان کے مستقبل کی معاشی ترقی کی اہمیت کو اجاگر کیا اور امریکی حکومت کی مسلسل حمایت پر سراہا۔وفاقی وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز سے ترکمانستان کے سفیر عطا جان مولاموف نے ملاقات کی ہے۔یہ ملاقات پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط کرنے کا ایک اہم قدم ہے۔ ملاقات کے دوران ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے ساتھ مشترکہ تعاون کی بنیاد رکھی ہے۔ترکمانستان سفیر نے پاکستان کو اپنے 5 ارب ڈالر پر مبنی آرکاداگ اسمارٹ سٹی پروجیکٹ میں شرکت کی دعوت دی،پاکستان کو اس منصوبے کے لئے تعمیری مواد اور سامان کی برآمد کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔سفیر عطاجان مولاموف نے پاکستان سے چاول، شکر، آلو اور پیاز جیسی زرعی مصنوعات کی ضرورت کا اظہار کیا۔گوہر اعجاز نے کہا کہ تجارتی راہیں کھولنے اور کاروباری تعلقات کو بڑھانا ہماری اولین ترجیح ہے،پاکستان کی ترکمانستان میں نمائشوں میں فعال شرکت کو یقینی بنائیں گے۔نگراں وزیرِ تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز سے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ملاقات کی ۔ملاقات میں گورنر سندھ نے نگران وزیرِ تجارت سے ملک کی سیاسی اور معاشی صورتِحال پر تبادلہ خیال کیا۔گورنر سندھ نے ڈاکٹر گوہر اعجاز کو کراچی کے تاجروں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارتِ تجارت تاجروں کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کے لئے کوشاں ہے،کراچی کے تاجروں کے مسائل پر خصوصی توجہ مرکوز ہے۔
وزےر تجارت سے امریکی ‘ترکمانستان کے سفرائ‘ گورنر سندھ کی ملاقاتیں
Sep 08, 2023