لاہور(نوائے وقت رپورٹ)سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز میں کینٹ اور ماڈل ٹاؤن ڈویژنز کی کارکردگی سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ سی سی پی او لاہورنے 12 ربیع الاوّل کے جلوسوں،ریلیوں اور تقریبات کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے محکمہ پولیس کی کارکردگی کے تعین کیلئے ’’کی پرفارمنس انڈیکیٹرز‘‘پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ کرپشن اور اختیارات سے تجاوز پرکوئی سمجھوتہ نہیں۔ بے گناہ کیساتھ ناانصافی نہ ہو اورگناہ گار سزا سے بچنے نہ پائے۔ افسران مظلوم کو انصاف کی فراہمی کیلئے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔بلال صدیق کمیانہ نے خواتین اور بچوں سے متعلقہ جرائم کی روک تھام کیلئے زیرو ٹالرنس اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا سٹریٹ کرائم کی روک تھام کیلئے کرائم پاکٹس میں بیریئرز لگوائے جائیں اور ہاٹ سپاٹ ایریاز میں انتظامیہ کے تعاون سے پارکنگ سٹینڈز بنوائیں۔ موبائل سنیچرز اور موٹر سائیکل چوروں کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے کرائم کنٹرول کیلئے سفید پارچات میں ڈیکائے آپریشنز کئے جائیں۔ چوری کے موبائل خریدنیوالے دکانداروں کیخلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ ای گیجٹ ایپ میں بروقت اندراج نہ کرنیوالے دکاندار کیخلاف کارروائی کی جائے۔