حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت)خواندگی کے عالمی دن کی مناسبت سے محکمہ لیٹریسی حافظ آباد کی جانب سے سیمینار کا انعقاد اور آگاہی واک کی گئی ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حمد اللہ،ڈسٹرکٹ لیٹریسی آفیسر محمد شفیق ،ڈسٹرکٹ ایجو کیشن آفیسر میڈم ثمینہ یاسمین نے واک کی قیادت کی جبکہ پرنسپل امان اللہ چھینہ سمیت محکمہ لیٹریسی کے اساتذ ہ اور بچوں کی بڑی تعداد نے سیمینار او رواک میں شرکت کی ۔سیمینار سے خطاب کر تے ہوئے مقررین کاکہنا تھا کہ تعلیم کے بغیرکوئی بھی ملک اور قوم ترقی نہیں کر سکتی ۔ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک سے مقابلہ کے لیے ضروری ہے کہ ہم تعلیم کو عام کریں ۔ انکاکہنا تھا کہ تعلیم ہی معاشرے میں انسان کو دوسری مخلوقات سے افضل بناتی ہے اور اگر آج ہم اپنے بچوں کو تعلیم یافتہ بنانے کے ساتھ ساتھ انکی اعلیٰ تربیت اور اخلاقیات میں بہتری لائینگے تو یہی بچے کل کو پاکستان کا روشن مستقبل ثابت ہونگے ۔تقریب سے خطاب کر تے ہوئے ڈسٹرکٹ لیٹریسی آفیسر محمد شفیق نے بتایا کہ ضلع بھر میں محکمہ لیٹریسی کے زیر اہتمام 435سکول قائم ہیں ،جن میں 12ہزار سے زائد طلباء و طالبات تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ سیمینا ر میں مختلف سکولوں کے بچوں نے ملی نغمیں ،تقاریر اور ٹیبلوز بھی پیش کیے جبکہ بہترین کارکردگی کے حامل اساتذہ اور پوزیشن ہولڈرز بچوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے ۔سیمینار کے اختتام پر ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں انٹر نیشنل لیٹریسی ڈے کے سلسلہ میں واک بھی کی گئی جس میں سرکاری افسران ، اساتذہ اور سکولوں کے بچوں نے شرکت کی ۔