گوجرانوالہ:فوڈ سیفٹی ٹیم کی کارروائی ، 100کلو ناقص مٹھائی تلف، جرمانہ 

Sep 08, 2024

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ممنوعہ رنگ اور امونیا سے تیار 100کلو ناقص مٹھائی تلف کرکے معروف سویٹس کو دو لاکھ روپے جرمانہ بھی کر دیا ،تفصیلات کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے لوہیانوالی نہر کے قریب واقع معروف سویٹس کے پروڈکشن یونٹ پر چھاپہ مار ا جہاں پر صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات ہونے کیساتھ پروسیسنگ اور سٹوریج ایریا میں زندہ حشرات اور بلیاں موجود پائی گئیں ،جبکہ بدبودار ماحول میں ممنوعہ رنگ اور امونیا سے مٹھایاں تیار کی جارہی تھیں ، مٹھائیوں میں انسانی بالوں کی موجودگی پر 100کلو مٹھائی تلف اور مالک کو دو لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا گیا ، ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کا کہنا تھا کہ پیور فوڈ ریگولیشنز کی سنگین خلاف ورزیوں پر کارروائی عمل میں لائی گئی، سابقہ ہدایات کی خلاف ورزیاں، صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پائے گئے، قوانین کیخلاف ٹوٹے گندے فرش پر خوراک کی تیاری کی جارہی تھی،ممنوعہ اجزا سے تیار مٹھائیاں مختلف موزی امراض میں مبتلا کرتی ہیں،وزیر اعلی پنجاب کے حکم پر ہرقسم کے چھوٹے بڑے فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی جارہی ہے، جعل سازی کرنیوالے باز رہیں، کاروبار جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا، شہری اپنے ارد گرد ملاوٹ کرنیوالوں کی اطلاع پنجاب فوڈ اتھارٹی کو1223پر دیں۔ 

مزیدخبریں