پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل چوتھی مرتبہ 10 روپے لٹر تک کمی متوقع

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی حکومت اگر پیٹرولیم لیوی بڑھانے کا فیصلہ نہ کرے تو مسلسل چوتھی مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات، پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمتوں میں 15 ستمبر سے تقریبا 10 روپے فی لٹر کمی متوقع ہے۔ باخبر ذرائع نے کہا گزشتہ پندرہ دنوں کے دوران بین الاقوامی مارکیٹ میں پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں تقریباً 5 ڈالر بیرل کی کمی آئی ہے۔ ایکسچینج ریٹ کے حتمی حساب کتاب اور موجودہ ٹیکس کی شرح کے مطابق پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں 10 سے 11 روپے فی لٹر کمی ہو سکتی ہے۔ تاہم حکومت پٹرولیم لیوی کی شرح کو 5 روپے فی لٹر بڑھا سکتی ہے تاکہ کم قیمتوں کا فائدہ اٹھا کر موجودہ مالی سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران ایف بی آر کے 100 ارب روپے کے محصولات کے خسارے کا کچھ حصہ پورا کیا جا سکے، اس صورت میں قیمت میں کمی تقریباً 5 سے 6 روپے فی لٹر ہو گی۔ حکام نے بتایا بین الاقوامی مارکیٹ میں پٹرول کی اوسط قیمت 81 ڈالر بیرل سے کم ہو کر 76 ڈالر بیرل سے بھی نیچے آ گئی جبکہ گزشتہ پندرہ دنوں کے دوران ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 88.5 ڈالر بیرل سے کم ہو کر تقریباً 83 ڈالر بیرل ہو گئی۔

ای پیپر دی نیشن