معیشت میں بہتری کیلئے ماہرین کا پالیسی بورڈ تشکیل دے دیا گیا 

Sep 08, 2024

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزارت منصوبہ بندی و ترقی نے ملکی معیشت میں بہتری لانے کیلئے معاشی، صنعتی، تزویراتی، انتظامی اور سماجی ماہرین پر مشتمل پالیسی بورڈ تشکیل دے دیا۔ وزارت منصوبہ بندی کے اعلامیے کے مطابق احسن اقبال نے ملک میں ترقی کے عمل کو جدت سے روشناس کرانے، معیشت میں بہتری لانے کیلئے تمام طبقہ ہائے زندگی کی شمولیت کو یقینی بنانے اور مختلف شعبوں سے ماہرین کی شمولیت کے نتیجے میں ترقیاتی عمل، مالیاتی امور میں شفافیت لانے کے حوالے سے اہم پیش رفت کے طور پر ایک اعلیٰ سطح کا پالیسی بورڈ تشکیل دیا۔ پالیسی بورڈکی سر براہی خود احسن اقبال کریں گے اور بورڈ میں مختلف شعبوں کے ماہرین اور تجربہ کار اراکین شامل ہیں جن میں سابق وفاقی وزرا، صنعتکار، تعلیمی ماہرین، اور بین الاقوامی پیشہ ور شامل ہیں۔ ترقیاتی پالیسیوں کی تشکیل اور عملدرآمد کے حوالے سے پالیسی بورڈ نہایت اہم کردار ادا کرے گا اور یہ بورڈ پالیسی سازی اور حکمت عملی کی ترقی پر مشورے فراہم کرے گا۔ پالیسی بورڈ کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے احسن اقبال نے پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے میں اس اقدام کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ نجی شعبے کی شرکت منصوبہ بندی کمشن کی کارکردگی کو نمایاں طور پر بہتر بنائے گی۔ وفاقی وزیر نے 2035ء تک پاکستان کو ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت میں تبدیل کرنے کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزیدخبریں