لاہور (خصوصی نامہ نگار) چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈا کٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ قادیانی اسلام و پاکستان دونوں کے دشمن ہیں، قادیانی سازشوں کا ہر سطح پر تعاقب و محاسبہ کیا جائے گا۔ عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور نبی کریم کے بعد قیامت تک کوئی نبی پیدا نہیں ہو سکتا، عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔ مبارک ثانی کیس کے حوالے سے سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کا انتظار کریں گے اور تفصیلی فیصلہ دیکھنے کے بعد اس پر اپنی رائے کا اظہار کریں گے، دین اسلام میں ہجوم کے ذریعے تشدد کا کوئی تصور موجود نہیں ، زندگی کے آخری سانس تک تحفظ ختم نبوت و ناموس رسالت کا تحفظ کرتے رہیں گے۔ عقیدہ ختم نبوت دین کی بنیاد ہے بنیاد کے بغیر کو ئی عمارت قائم نہیں رہ سکتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دارالعلوم جامعہ نعیمیہ میں’’تحفظ ختم نبوت گولڈن جوبلی کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر ابوالخیر زبیرالوری، شیخ الحدیث مفتی شیر محمد، مفتی سجاد احمد فیضی، ڈاکٹر ارشد اقبال نعیمی، علامہ حاجی امداد اللہ نعیمی، ڈاکٹرحسیب قادری، مفتی انتخاب احمد نوری، علامہ محمد یوسف اعوان، شیخ الحدیث مولانا محبوب احمد چشتی و دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس میں شیخ الحدیث مفتی انورالقادری، مولانا غلام نصیرالدین چشتی، مفتی محمد ہاشم، علامہ مختار احمد ندیم، صاحبزادہ پیر افضال حسین زنجانی، مفتی ندیم قمر، مفتی عمران حنفی، رکن پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی، مفتی قیصر شہزاد نعیمی، مفتی شفقت یوسفی سمیت جامعہ نعیمیہ کے اساتذہ کرام، فاضلین، طلبہ سمیت عامۃ الناس کی کثیر تعداد نے شر کت کی۔ ڈاکٹر ابو الخیر زبیر الوری نے کہا 7 ستمبر 1974ء کو عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے مسلمانوں کی قربانیاں رنگ لائیں اور پاکستان کی پارلیمنٹ نے قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دیا۔ کانفرنس کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا کرائی گئی۔