چینی سفیر کا کراچی میں دو نیو کلیئر پاور پلانٹس کا دورہ

اسلام آباد ( اپنے سٹا ف رپو رٹر سے ) پاکستان میں چین کے سفیر مسٹر جیانگ زیڈونگ نے وفد کے ہمراہ کراچی میں دو نیوکلیئر پاور پلانٹس 'کے ٹو' اور 'کے تھری' کا دورہ کیا۔ چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمشن ڈاکٹر راجہ علی رضا انور نے مہمانوں کا استقبال کیا یہ دونوں پاور پلانٹس دوست ملک چین کے تعاون سے قائم کئے گئے ہیں اور قومی گرڈ کو مجموعی طور پر 2200 میگاواٹ بجلی کی فراہمی کررہے ہیں۔ چینی وفد کو پاکستان کے نیوکلیئر پاور پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اپنے استقبالیہ کلمات میں چئیرمین پاکستان اٹامک انرجی کمشن ڈاکٹر راجہ علی رضا انور نے کہا کہ چینی مہمانوں کا یہ دورہ  پاکستان اور چین کی حکومتوں کے درمیان بڑھتے ہوئے جوہری تعاون کا عکاس ہے- اس موقع پر پاکستان اٹامک انرجی کمشن کی طرف سے پاکستان کے نیوکلیئر پاور پروگرام کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا گیا۔ بعدازاں  چینی سفیر نے اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ 'کے ٹو اور کے تھری' نیوکلیئر پاور پلانٹس سائٹ کا دورہ کرنے پر خوشی محسوس کرتے ہیں اور یہ دورہ چینی حکومت کی طرف سے دی جانے والی اہمیت کا عکاس ہے۔ پاکستان میں چینی کمپنیوں کی جانب سے تعمیر کیے گئے نیوکلیئر پاور پلانٹس یہاں کے عوام کی فلاح و بہبود  اور معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ معزز سفیر نے نیوکلیئر پاور پلانٹس کی ملحقہ آبادیوں میں پاکستان اٹامک انرجی کمشن کی جانب سے کارپوریٹ سوشل رسپانسیبلٹی CSR کے تحت اقدامات میں خصوصی دلچسپی لی۔آخر میں مہمانوں کو 'کے ٹو' نیوکلیئر پاور پلانٹ کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کرایاگیا ، معزز  مہمان پاکستان میں کسی آپریشنل نیوکلیئر پاور پلانٹ کا دورہ کرنے والے پہلے سفیر ہیں۔

ای پیپر دی نیشن