اسلام آباد، راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے + نمائندہ خصوصی + آئی این پی + این این آئی) سیکورٹی فورسز نے مہمند میں ایف سی ہیڈکوارٹرز پرخوارجی دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فتنہ الخوارج کے 4 دہشتگردوں نے علی الصبح مہمند میں ایف سی ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خوارجی دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔ سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں 4 خوارجی خود کش بمبار مارے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے فورسز کا آپریشن جاری ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے سکیورٹی فورسز کو مہمند میں ایف سی ہیڈکوارٹرز پر خوارج کا حملہ ناکام بنانے پر خراج تحسین پیش کیا، صدر مملکت نے کہا کہ ہماری سکیورٹی فورسز نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے چاروں خوارج حملہ اوروں کا خاتمہ کیا۔ صدر مملکت نے خوارج کے خلاف سکیورٹی فورسز کی موثر اور جرات مندانہ کارروائی کو سراہا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پوری قوم کو اپنے جوانوں پر فخر ہے جو ہر لمحہ مادر وطن کی حفاظت کے لئے تیار ہیں۔ دہشت گردوں کو ان کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق6 ستمبر کے ابتدائی اوقات میں چار خوارج کے گروپ نے ضلع مہمند میں فرنٹیئر کور ہیڈکوارٹرز پر حملے کی کوشش کی‘ سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش موثر طور پر ناکام بنا دی گئی، چاروں خوارج جو خود کش بمبار تھے جن کے نقصان پہنچانے کے مذموم عزائم خاک میں ملاتے ہوئے واصل جہنم کر دیا گیا۔ ترجمان آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے میں کسی بھی خوارج کی موجودگی کا خاتمہ کرنے کیلئے سینیٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے ناسور کا خاتمہ کرنے کے جذبے سے سرشار ہو کر بہادری سے کھڑی ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مہمند میں ایف سی ہیڈ کوارٹر پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کا حملے کی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے تاریکی میں حملہ کرنے والے بزدل دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا اور فتنہ الخوارج کے 4 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر کے عبرتناک انجام تک پہنچایا۔ سکیورٹی فورسز کی ٹیم کو شاباش دیتا ہوں۔ سکیورٹی فورسز فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے ناپاک وجود کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ بہادر جوانوں نے ہمیشہ بروقت ایکشن کرکے دہشتگردوں کی کارروائیوں کو ناکام بنایا ہے جس پر قوم بجا طور پر فخر کر سکتی ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع مہمند میں خارجی دہشتگردوں کی فرنٹیئر کور ہیڈکوارٹر پر حملے کی کوشش کو ناکام بنانے پر پاک فوج کے افسروں و جوانوں کو خراج تحسین کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت سے کیمپ پر حملہ آور ہونے والے چار خود کش خارجیوں کو جہنم واصل کیا۔ وزیرِ اعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم پاک فوج کے بہادر افسروں و جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ پاک فوج کے افسران و جوان فتنہ الخواج کے دھشتگردوں سے پاکستان کی مٹی کو پاک کرنے کیلئے مصروفِ عمل ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر6 اور7 ستمبر کی درمیانی شب کو کارروائی کی۔ دہشت گردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے لیا اور مؤثر کارروائی کی۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے زیر قبضہ اسلحہ، بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کر لیا گیا ہے اور یہ دہشت گرد اس علاقے میں سکیورٹی فورسز اور بے گناہ شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی بڑی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ علاقے میں مزید کسی دہشت گرد کی موجودگی کا خاتمہ کرنے کے لیے کارروائی جاری ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج اپنی قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے بدستور پرعزم ہیں۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے قلات میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کے افسروں اور اہلکاروں کی تعریف اور حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک سر زمین سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاک سر زمین سے دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شریک سکیورٹی فورسز کے بہادر افسران و جوانوں پر مجھ سمیت پوری قوم کو فخر ہے۔
مہمند: ایف سی ہیڈ کوارٹرز پر حملہ ناکام، 4 خودکش بمبار ہلاک
Sep 08, 2024