کوئٹہ؍ اسلام آباد (آئی این پی) بلوچستان میں مزید2 افراد سیلاب کی زد میں آ کر جان کی بازی ہار گئے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں کا تعلق خضدار، ژوب اور کیچ تھا، یکم جولائی سے ابتک جاں بحق افراد کی تعداد42 ہو گئی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں2 خواتین اور24 بچے بھی شامل ہیں، بارشوں کے دوران حادثات میں19 افراد زخمی بھی ہوئے۔ زخمیوں میں ایک خاتون اور13 بچے شامل ہیں۔ ایک لاکھ68 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے۔ طوفانی بارشوں سے1591 مکانات مکمل منہدم جبکہ15 ہزار7 سو سے زائد مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔59791 ایکڑ پر فصلیں اور179 کلو میٹر سڑکیں متاثر ہوئیں۔7 پلوں کو نقصان پہنچا، صوبے میں بارشوں کے دوران 593 مویشی بھی ہلاک ہوئے۔ دریں اثناء اسلام آباد میں بارشوں کے باعث راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے پر راول ڈیم کے سپیل ویز ایک بار پھر کھول دئیے گئے۔ راول ڈیم کے سپیل ویز کھولنے سے قبل اطراف کی آبادیوں کو الرٹ کرنے کیلئے سائرن بھی بجائے گئے۔ دارالحکومت میں گزشتہ رات ہوئی موسلا دھار بارش سے راول ڈیم میں پانی کی سطح 1752 فٹ تک پہنچ گئی تھی کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فی الفور16 پر رابطہ کریں۔