طوفان ’’یاگی‘‘ سے چین ‘ فلپائن ‘ ویتنام میں 22 ہلاکتیں‘  100 زخمی 

Sep 08, 2024

بیجنگ (نوائے وقت رپورٹ) چین کے جنوبی حصے کو ایشیا کے سب سے طاقتور طوفان ''یاگی'' کا سامنا ہے۔ سمندری طوفان چین کے صوبے ہینان کے ساحلی علاقے سے ٹکرا گیا۔سمندری طوفان کے پیش نظر ہانگ کانگ سٹاک ایکسچینج سمیت دیگر کاروباری مراکز بھی بند ہوگئے۔ایشیا میں رواں سال کا سب سے طاقتور طوفان ’’یا گی‘‘ چین کے بعد ویت نام سے ٹکرا گیا۔ شمالی ویتنام میں تیز ہواؤں سے گھروں کی چھتیں اڑ گئیں۔ چین اور ویت نام میں طوفان کے باعث مختلف حادثات میں 22 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔ متعدد لاپتہ ہیں ویت نام میں 4 افراد ہلاک اور 12 لاپتہ ہو گئے۔ چین میں طوفان کے باعث بجلی گرنے‘ شدید بارش اور 145 میل فی گھنٹہ کی رفتار کی ہواؤں سے متعدد درخت جڑوں سے اکھڑ گئے۔ دو افراد ہلاک 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔ آٹھ لاکھ افراد کو بجلی فراہمی منقطع ہو گئی۔ ساحلی علاقوں میں سکول بند اور سینکڑوں پروازیں منسوخ ہو گئیں۔ کاروباری مراکز بند ہو گئے۔ سمندری طوفان یاگی سے فلپائن‘ چین اور ویت نام میں ہلاکتوں کی تعداد 22 ہو گئی۔ فلپائن میں سمندری طوفان سے 16 افراد ہلاک ہوئے۔ چین میں 2 اور ویت نام میں 4 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

مزیدخبریں